i پاکستان

لاہور ہائیکورٹ کا فصلوں کی باقیات جلانے والوں کو 2 لاکھ روپے جرمانے کا حکمتازترین

October 18, 2022

لاہور ہائیکورٹ نے سموگ کی روک تھام کیلئے فصلوں کی باقیات جلانے والے کسانوں کو 2 لاکھ روپے جرمانہ کرنے کا حکم دے دیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے متفرق درخواستوں پر سماعت کی، درخواست گزاروں نے موقف اختیار کیا کہ حکومت سموگ کی روک تھام کے لئے اقدامات نہیں کر رہی، عدالت حکومت کو سموگ کی روک تھام کے لئے حکومت کو اقدامات کرنے کا حکم دے۔ دوران سماعت چار اضلاع کے ڈی سیز عدالت میں پیش ہوئے، جسٹس شاہد کریم نے عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ کرنے پر ڈی سیز پر اظہار ناراضگی کیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ چیف سیکرٹری کو بتایا جائے کہ یہ ہے آپ کے ڈی سیز کی کارکردگی ہے؟، عدالت نے کارروائی کرتے ہوئے ڈی سیز کو متعلقہ اضلاع میں فصلوں کو جلانے والوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کا حکم دے دیا عدالت کے روبرو گوگل میپ کی فصلوں کی باقیات جلانے کے حوالے سے رپورٹ بھی پیش کر دی گئی۔ عدالت نے فصلوں کی باقیات جلانے والے کسانوں کے خلاف مقدمات درج کرنے کا حکم دیا، عدالتی احکامات نظر انداز کرنے والے کسانوں کی زمینیں بھی انتظامیہ کو قبضے میں لینے کی ہدایت کر دی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی