کراچی میں ممکنہ بارشوں کے پیش نظر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کراچی ایئرپورٹ پر تمام ایئر لائنز اور ایوی ایشن کمپنیوں کو الرٹ جاری کردیا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی حکام کی جانب سے جاری کردہ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ چھوٹے طیاروں کو بھاری وزن کے ساتھ باندھ کر محفوظ جگہ پارک کیا جائے کسی حادثے سے بچنے کے لیے ائرپورٹس پر کھلے سامان کی مناسب سٹوریج کی جائے۔ جاری کردہ الرٹ میں مزید کہا گیا ہے سی اے اے کے متعلقہ شعبے کو تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے اور بارش کے دوران کیڑے مکوڑوں سے بچنے کے لئے رن وے کے اطراف سپرے بھی کیا جائے۔ مزید کہا کہ پرندوں کی سرگرمیوں میں اضافے کو روکنے کے لئے اضافی برڈ ڈسپرسل ٹیمیں تعینات کی جائیں جبکہ ریسکیو اینڈ فائر فائیٹنگ سروس کو بھی چوکنا رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے سندھ کے جاری کردہ مراسلہ میں سندھ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنر کو بارشوں سے متعلق ایمرجنسی پلان مرتب کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے 28 اپریل تا یکم مئی تک طوفانی بارش کی پیشگوئی کی ہے، میرپور خاص، لاڑکانہ، بدین، سانگھڑ مٹیاری، عمرکوٹ بدین اور قمبر شہداد کوٹ میں طوفانی بارشوں سے طغیانی کا خدشہ ہے اور سندھ کے تمام اضلاع میں ایمرجنسی ہیلپ لائن قائم کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی