i پاکستان

غلطی سے ایل او سی عبور کرنیوالے 2 کشمیری تفتیش کے بعد پاکستانی انتظامیہ کے حوالےتازترین

May 01, 2023

غلطی سے ایل او سی عبور کرنیوالے 2 کشمیری شہریوں کو بھارتی فوج نے تفتیش کے بعد پاکستانی انتظامیہ کے حوالے کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق آزاد جموں کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے قریب عباس پور کے دو شہری جو گزشتہ روز راستہ بھول جانے کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر کے علاقے میں میں داخل ہو گئے تھے دونوں افراد کو قابض بھارتی فوج نے گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی۔ تفتیش کے دوران 70 سالہ بزرگ شہری عبدالحمید اور انکے بیٹے عباس عبدالحمید نے قابض فوج کو بتایا کہ وہ عام شہری ہیں اور عباس پور آزاد جموں و کشمیر کے رہائشی ہیں، ان کا گاوں ایل او سی کے قریب واقع ہے وہ غلطی سے راستہ بھول گئے اور مقبوضہ پونچھ کی حدود میں داخل ہو گئے۔ پاکستان کی طرف سے بھارت کو بھی آگاہ کر دیا گیا تھا کہ یہ دونوں عام شہری ہیں اور غلطی سے مقبوضہ پونچھ کی حدو د میں داخل ہو گئے ہیں۔ پاکستان آرمی نے دونوں شہریوں کی طرف سے غلطی سے ایل او سی عبور کرنے کے واقعہ کو بروقت قابض فوج کی نوٹس میں لایا اور انہیں جلد از جلد واپس کرنے کا مطالبہ کیا۔ بھارت نے گزشتہ روز شام کے وقت ان دونوں شہریوں کو ایل او سی پر تیتری نوٹ کراسنگ پوائنٹ کے راستے پاک فوج کی موجودگی میں مقامی انتظامیہ کے حوالے کیا۔ دونوں باپ بیٹے کا ابتدائی طبعی معائنہ کیا گیا اور دیگر قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد انہیں اپنے گھر روانہ کر دیا گیا۔ عباس پور کا علاقہ مقبوضہ کشمیر کے پونچھ ضلع کے ساتھ لگتا ہے اور ان علاقوں میں دونوں اطراف سے اکثر شہری غلطی سے لائن آف کنڑول عبور کرتے ہیں جنہیں بعد میں دونوں ممالک واپس بھیج دیتے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی