پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات ملتوی کرنے کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کی درخواست پر سماعت کرنے والے سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ میں شامل جسٹس امین الدین نے سماعت سے معذرت کرلی جس کے بعد 5 رکنی بینچ ٹوٹ گیا،جسٹس امین الدین نے بینچ میں بیٹھنے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ روز کے فیصلے کے بعد میں کیس سننے سے معذرت کرتاہوں۔ جمعرا ت کو چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ سماعت کے لیے عدالت پہنچا تو چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ میرے ساتھی جج جسٹس امین الدین خان کچھ کہنا چاہتے ہیں۔ جسٹس امین الدین خان نے کیس کی سماعت سے معذرت کرلی اور کہا کہ گزشتہ روز کے فیصلے کے بعد اگر موجودہ بینچ کیس کاروائی چلانا چاہ رہا ہے تو میں کیس کو سننے سے معذرت کرتا ہوں۔جسٹس امین نے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسی کے فیصلے کے تناظر میں کیس سننے سے معذرت کرتا ہوں۔ بینچ ٹوٹنے کے بعد جج کمرہ عدالت سے اٹھ کر چلے گئے۔ جسٹس امین کی جانب سے معذرت کرنے کے بعد عدالت کا لارجر بینچ تحلیل ہوگیا اور اب کیس میں نیا بینچ تشکیل دیا جائے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی