i پاکستان

دو ماہ بعد عہدے کی دوسری مدت پوری ہونے پر ریٹائرڈ ہو جاوں گا،آرمی چیفتازترین

October 05, 2022

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنی مدت پوری ہونے پر سبکدوش ہونے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دو ماہ بعد عہدے کی دوسری مدت پوری ہونے پر ریٹائرڈ ہو جاوں گا، مسلح افواج خود کو سیاست سے دور کر چکیں اور دور ہی رہنا چاہتی ہیں، بیمار معیشت کو بحال کرنا معاشرے کے ہر حصے دار کی ترجیح ہونی چاہیے، مضبوط معیشت کے بغیر قوم اپنے ٹارگٹ حاصل نہیں کرسکے گی اور مضبوط معیشت کے بغیر سفارتکاری نہیں ہوسکتی۔ واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے میں ظہرانے کے موقع پر غیر رسمی گفتگو کی۔ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاکہ مسلح افواج نے خود کو سیاست سے دور کر لیا ہے اور اسی طرح رہنا چاہتی ہیں، پہلے بھی وعدہ کر چکا ہوں کہ مدت مکمل ہونے پر عہدہ چھوڑ دوں گا۔ تقریب میں شریک افراد کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے ظہرانے سے پہلے اجتماع سے خطاب کیا جس کے بعد مہمانوں سے گفتگو کرتے ہوئے غیر رسمی بات چیت بھی کی۔ آرمی چیف نے دو ماہ میں اپنی دوسری تین سالہ مدت پوری ہونے پر سبکدوش ہونے کے اپنے عہد کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے وعدے کے مطابق عمل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی لاغر معیشت کو بحال کرنا معاشرے کے تمام طبقات کی اولین ترجیح ہونی چاہیے، مضبوط معیشت کے بغیر قوم اپنے اہداف حاصل نہیں کر سکے گی۔ پاکستانی سفارت کاروں کی ایک بڑی تعداد پر مشتمل سامعین سے اپنے خطاب میں ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مضبوط معیشت کے بغیر کوئی سفارت کاری نہیں ہو سکتی۔ پاکستان میں آ نے والے حالیہ سیلاب پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سیلاب زدگان کی بحالی میں عالمی شراکت داروں کی مدد ناگزیر ہوگی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی