بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور طوفانی ہواوں سے نظام زندگی متاثر ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع ہرنائی، لورالائی، کوہ سلیمان رینج کے علاوہ چمن، قلعہ عبداللہ، پشین، قلعہ سیف اللہ ، نوشکی، زیارت، کیچ، گوادر، لسبیلہ مکران ڈویژن میں بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں 7، لسبیلہ اور سبی 6، گوادر 2، جیوانی ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ بلوچستان کے بیشتر علا قوں میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود ہے ، محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ، خضدار، زیارت، بارکھان ،چمن، قلات، دالبندین ،آواران، پنجگور ، خاران اور لسبیلہ میں تیز ہواوں،آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔ کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 22، قلات میں20، جیونی میں 30،گوادر اورنوکنڈی میں 32، تربت اورسبی میں 33سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ، کوئٹہ میں ہوا میں نمی کاتناسب 36 فی صد ہے۔ دوسری جانب سندھ بلوچستان کی دو اہم قومی شاہراہوں کے شگاف مٹی سے بھر دیے گئے ہیں ، لسبیلہ میں کوئٹہ کراچی شاہراہ، اور بولان میں کوئٹہ سبی شاہراہ پر پھنسی لائٹ ٹریفک کو ریسکیو کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ سیلابی ریلوں سے ہرنائی پنجاب شاہراہ کے مختلف مقامات پر ٹریفک معطل ہے جبکہ کیچ میں بارش کے بعد میرانی ڈیم بھرنے کے قریب پہنچ گیا، پانی کی سطح 243.70 فٹ ہوگئی ہے جبکہ میرانی ڈیم میں اسپل وے کی سطح 244 فٹ ہے۔ علاوہ ازیں صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے ، گزشتہ روز کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی