پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ بلاول آپ کے نانا نے آئین بنایا تھا، بلاول بھائی! آپ کے منہ سے مارشل لا کا لفظ اچھا نہیں لگتا۔ منگل کو سپریم کورٹ کے باہر سینیٹر فیصل جاوید کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان کا کہنا تھا کہ 4 اپریل کو سابق وزیرِ اعظم کو پھانسی پر چڑھایا گیا، آج ہی عمران خان اے ٹی سی میں پیش ہو رہے ہیں، عمران خان سب کچھ ہوسکتے ہیں کیا دہشت گرد ہو سکتے ہیں؟۔ علی محمد خان کا کہنا ہے کہ آج پاکستان کی تاریخ کا ایک اور اہم دن ہے، آج تاریخ کو درست کرنے کا دن ہے، وزارت داخلہ کہتا ہے یا آپ رہیں گے یا ہم رہیں گے، دل کہتا ہے کہ آئین کے مطابق مضبوط فیصلہ آئے گا، اسی بنچ نے ہماری حکومت کے خلاف فیصلہ کیا، ہم نے کسی جج کی تضحیک نہیں کی۔ پی ٹی آئی کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم کی نظریں سپریم کورٹ پر ہیں، آج تاریخی لمحات آ پہنچے ہیں، پیپلز پارٹی آج آئین کی بات کرتی ہے لیکن خود عمل نہیں کرتی، آئین کے مطابق 90 دنوں میں الیکشن ہونے ہیں۔ فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ رات کو کھلی، عمران خان نے کوئی اٹیک نہیں کیا، انہوں نے عدالت کا احترام کیا، عوام اپنے حقوق کیلئے جدوجد کر رہے ہیں، رضا ربانی آج آئین کی کتاب کیوں نہیں کھول رہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی