ایف پی سی سی آئی کے صدارتی امیدوار صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمت میں مسلسل اضافہ سے عوام اور کاروباری برادری کی مشکلات بڑھ رہی ہیں جبکہ برامدی شعبہ بین الاقوامی منڈی میں مسابقت کی صلاحیت سے محروم ہو رہا ہے۔ بجلی گیس اورپٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پہلے ہی ریکارڈ سطح پرہیں اوراب ان میں مذید اضافہ کرنا زیادتی ہے۔ بجلی مہنگی کرنے کے بجائے چوری اور لائن لاسز کم کئے جائیںریکوری بہتر بنائی جائے اورٹرانسمیشن سسٹم کو ترقی دی جائے۔بجلی مہنگی کرنے سے گردشی قرضہ بڑھنے کی رفتار کم جبکہ چوری بڑھنے کا امکان ہے۔برطانیہ میں بجلی تیس فیصد تک مہنگی کی گئی ہے جس سے چوری تیرہ فیصد تک بڑھ گئی ہے جبکہ پاکستان میں بجلی کے ٹیرف میں بیالیس فیصد اضافہ ہوا ہے۔ عاطف اکرام شیخ نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بزنس کمیونٹی کی پریشانی دورکرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں تاکہ وہ یکسو ہوکراپنا کام کرسکیں۔ ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جو کاروباری ماحول میں انتشار پیدا کرکے سرمایہ کاری متاثر کریں۔ پیداوار اور برآمدات کے زریعے محاصل میں اضافہ روزگارکی فراہمی اورحکومت کوزرمبادلہ کما کر دینے کا کام نجی شعبہ کر رہا ہے جسے بہتر ماحول فراہم کرنے سے ملکی ترقی کی رفتار بڑھ جائے گی۔ توانائی کی قیمتوں میں اضافہ اور سپلائی میں خلل کی وجہ سے بہت سی فیکٹریاں بند ہوچکی ہیں جنھیں دوبارہ چلنے کے قابل بنایا جائے-
کریڈٹ:
انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی