i پاکستان

بغاوت پر اکسانے کا کیس،عمران خان کی 3 مئی تک حفاظتی ضمانت منظورتازترین

April 28, 2023

اسلام آباد ہائیکورٹ نے اداروں کو بغاوت پر اکسانے کے کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی حفاظتی ضمانت منظور کر تے ہوئے عمران خان کو ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کے علاوہ شامل تفتیش ہونے اور ہرسماعت پر عدالت حاضر ہونے کا حکم دے دیا۔ جمعہ کو عمران خان زمان پارک لاہور سے بڑے قافلے کے ہمراہ بذریعہ موٹر وے اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچے ہیں۔ ہائی کورٹ پہنچنے پر عمران خان کی گاڑی کو احاطہ عدالت داخل ہونے سے روک دیا گیا، پی ٹی آئی کی جانب سے عمران خان کی گاڑی کو عدالتی احاطے میں داخلے کی اجازت کے لئے درخواست دائر کر دی گئی۔ عمران خان کے وکلا نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار کو درخواست جمع کرائی جس میں کہا گیا کہ عمران خان سابق وزیر اعظم ہیں، ان کی جان کو خطرات ہیں، ان کی گاڑی کو عدالتی احاطے میں داخلیکی اجازت دی جائے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان کی درخواست ضمانت پرچیف جسٹس عامرفاروق نے سماعت کی ہے، عمران خان کی جانب سے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر اور فیصل چودھری پیش ہوئے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چودھری نے درخواست پر دلائل دیئے جب کہ دورانِ سماعت عدالت نے عمران خان کی درخواست پر رجسٹرار آفس کی جانب سے دائر اعتراضات کو بھی ختم کر دیا۔عدالت نے عمران خان کی 3 مئی تک حفاظتی ضمانت منظور کی اور انہیں ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔یاد رہے کہ عسکری اداروں کیخلاف بات کرنے پر عمران خان کیخلاف 7 اپریل کو مقدمہ مجسٹریٹ منظور احمد کی مدعیت میں تھانہ رمنا میں درج کیا گیا تھا، لاہور ہائیکورٹ نے اسی مقدمے میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی 26 اپریل تک حفاظتی ضمانت منظور کی تھی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی