سیلاب کے باعث ایک ماہ سے ریلوے سروس معطل، فیصل آباد سے دوسرے شہروں تک سامان پہنچانے کے لیے کارگو ریل سروس بھی بند ہوچکی ، ہزاروں ٹن سامان کی ترسیل کا سلسلہ بھی رک گیا ہے۔ سیلاب اور بارش کی سے ملک بھر میں ریلوے کا نظام شدید متاثر ہوا ہے۔ کئی مقامات پر ریلوے ٹریک بہہ چکا ہے جب کہ کچھ جگہوں پر اب بھی ٹریک پر پانی موجود ہے۔ ٹرین کا پہیہ بند ہونے سے ریلوے کو یومیہ 10 کروڑ روپے کا خسارہ ہونے لگا ہے۔ فیصل آباد سے چلنے والی 7 مسافر ٹرینیں سیلاب کے باعث بند ہوئیں تودوسرے شہروں تک سامان کی ترسیل کا عمل بھی بری طرح متاثر ہوگیا ہے۔ ریلوے اسٹیشن اور گوداموں میں ہزاروں ٹن سامان کے ڈھیر لگ گئے ہیں۔ ریل کارگو استعمال کرنے والے تاجر بھی ٹرینیں بند ہونے سے پریشان ہیں اور اسٹیشن پر سامان بھی کھلے آسمان تلے پڑا رہنے سے خراب ہونے لگا ہے۔ سما سے بات کرتے ہوئے تاجروں نے بتایا کہ ٹرینیں نہ چلنے سے ہمیں اب ٹرک میں سامان بھیجنا پڑرہاہے جو کہ بہت زیادہ مہنگا پڑتا ہے۔ ریلوے حکام کے مطابق ٹریکس کی مرمت کا کام آئندہ 15 روز میں مکمل کرکے ٹرین آپریشن بحال کردیا جائے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی