i پاکستان

اسلام امن اور رواداری کا مذہب ہے، قرآنِ پاک کے مطابق دین کے معاملے میں کوئی جبر نہیں ،وزیر اعظمتازترین

August 12, 2022

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسلام امن اور رواداری کا مذہب ہے، قرآنِ پاک کے مطابق دین کے معاملے میں کوئی جبر نہیں ہے، پاکستان بلا کسی ذات پات، رنگ و نسل اور مذہب کی تفریق کے ہم سب کا ہے، ہم سب نے مل کر ہی اسکی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھنی ہے۔ جمعرات کو اقلیتوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہمارے آئین میں مذہبی آزادی اور اقلیتوں کے فرد اور املاک کے تقدس کو قانونی شکل دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کا قومی دن ان شراکتوں کو اجاگر کرتا ہے جو ہمارے غیر مسلم پاکستانی شہری قومی ترقی میں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال، پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اقلیتوں کے کلیدی کردار کو خراجِ تحسین پیش کرنے، انکے ہماری عظیم قوم کا لازم حصہ ہونے اور مذہبی اقلیتوں کے احترام کے عزم کا اعادہ کرنے کیلئے 11 اگست کو قومی اقلیتی دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام امن اور رواداری کا مذہب ہے۔ قرآنِ پاک کے مطابق دین کے معاملے میں کوئی جبر نہیں ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آئین میں مذہب کی آزادی اور ہماری اقلیتوں کے افراد اور املاک کی تکریم کو باقائدہ قانونی شکل دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو نہ صرف ان ذمہ داریوں کا بخوبی ادراک ہے بلکہ ان مقاصد کے حصول کے لیے اپنے عزم کی مستقل یاد دہانی کے طور پر حکومت نے 11 اگست کو سرکاری سطح پر شاندار طریقے سے قومی اقلیتی دن منانے فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماجی و اقتصادی خلیج کو پورا کرنے اور ہماری اقلیتوں کے لیے تعلیمی اداروں اورنمایاں خدمات کے لیے نمائندہ فورمز پر خصوصی کوٹہ مختص کرنے جیسے اقدامات سے قومی سطح پر ہر کسی کو یکساں تعلیم و ترقی کے مواقع کی فراہمی یقینی بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ اقلیتوں کے معاشی طور پر کمزور طبقات کے حقوق کے یقینی تحفظ اور ترقی کے لیے وقف مالی امداد بھی ان اقدامات کا حصہ ہے۔ اس موقع وزیراعظم نے تمام اقلیتی برادریوں کے اپنے بھائیوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ رواداری اور باہمی اتفاق کی فضا کو فروغ دینے کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بلا کسی ذات پات، رنگ و نسل اور مذہب کی تفریق کے ہم سب کا ہے اور ہم سب نے مل کر ہی اسکی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھنی ہے۔

کریڈٹ:
انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی