پاکستان تحریک انصاف کی خاتون رہنماوں نے انتخابات کے انعقاد سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئین کو پامال کرنے والوں کو منہ کی کھانی پڑی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 90 روز کے اندر انتخابات کا سپریم کورٹ کا تاریخی فیصلہ حق اور سچ کی فتح ہے۔ یاسمین راشد نے کہا کہ آئین کو پامال کرنے والوں کو منہ کی کھانی پڑی ہے، سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے سے ملک میں انصاف کا بول بالا ہوا ہے، امپورٹڈ حکمران ٹولے کے مقدر میں شکست لکھی جا چکی ہے۔ پی ٹی آئی کی سیکرٹری انفارمیشن سنٹرل پنجاب عندلیب عباس نے کہا کہ تحریک انصاف سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتی ہے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا انتخابات سے بھاگنے والا ٹولہ عوامی احتساب کیلئے تیار ہو جائے۔ عندلیب عباس نے کہا کہ صاف اور شفاف انتخابات کا انعقاد ہونے سے تحریک انصاف دوبارہ بڑی کامیابی حاصل کرے گی، اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ عمران خان کو ہر میدان میں کامیابی نصیب ہوئی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی