امریکی سفارتخانے کے مالی تعاون سے خیبرپختونخوا میں پریزن مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (پی ایم آئی ایس) کے سلسلے میں تربیت کاروں کی تربیت کے دو رئوانڈ مکمل ہو گئے۔ ہری پور کی پریزن ٹریننگ اکیڈمی میں ہونے والی پانچ روزہ پی ایم آئی ایس ٹریننگ کے دو سیشن 6 سے 17 مارچ کے دوران منعقد کئے گئے جن میں سات خواتین سمیت جیل عملہ کے 84 ارکان نے حصہ لیا،امریکی سفارتخانے کا 'انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لاء انفورسمنٹ آفس (آئی این ایل)'، یو این او ڈی سی کی تکنیکی معاونت سے خیبرپختونخوا اور ضم شدہ اضلاع میں 40 جیلوں کو کمپیوٹر نیٹ ورکنگ کی سہولیات سے آراستہ کرنے کے لئے کام کر رہا ہے۔ پراجیکٹ میں انفارمیشن ٹیکنالوجی آلات کی فراہمی، پی ایم آئی ایس کی تیاری، اور اس پر کام کرنے اور انتظامی امور انجام دینے پر جیل عملہ کے ارکان کی تربیت شامل ہے۔پی ایم آئی ایس ٹریننگ کے ذریعے شرکا کو پی ایم آئی ایس کے رہنما کتابچہ اور ٹیکنیکل ماڈیولز کے بارے میں آگاہ کیا گیا جن میں بیرک ایلوکیشنز، ری ایلوکیشنز، بیرک ہسٹری، ملاقاتیوں کے انتظامی امور، اور قیدیوں کے چیک ان اور چیک آئوٹ کے معاملات شامل ہیں۔ شرکاء کو عدالت میں پیشی کے ماڈیول پر تربیت دی گئی جس میں بتایا گیا ہے کہ ڈیجیٹل ماڈیول کو استعمال کرتے ہوئے جیل میں پیشی کی کارروائی کو کس طرح مستعدی کے ساتھ انجام دیا جا سکتا ہے۔ ہسپتال اور طبی انتظامی امور کے ماڈیولز میں شرکا کو او پی ڈی، ہسپتال میں داخلے، اور ادویات کی فراہمی سے متعلق امور سے آگاہ کیا گیا۔
تربیت کے آخر میں ایچ آر ماڈیول کے ذریعے عملے کے انتظامی امور کا جائزہ پیش کیا گیا۔ پانچ روزہ تربیت کے دونوں رائونڈز میں تربیت کاروں نے اپنے اپنے ماڈیولز کا جائزہ پیش کیا اور تربیت کے شرکا سے اس سلسلے میں ان کی تجاویز اور آراء طلب کیں جنہیں سسٹم میں موزوں طریقے سے شامل کیا جائے گا۔ انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات سعادت حسن نے پی ایم آئی ایس کی کامیاب تکمیل پر عملہ جیل خانہ جات کو مبارکباد پیش کی اور تربیت کی تکمیل کی اسناد تقسیم کیں۔ انہوں نے اس پروگرام کے سلسلے میں مالی تعاون پر آئی این ایل کا شکریہ ادا کیا اور تربیت کے سلسلے میں معاونت پر جوڈیشل اکیڈمی انتظامیہ کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے سسٹم میں بہتری کے لئے تجاویز اور آراء پیش کرنے پر شرکاء کا بھی شکریہ ادا کیا۔ تربیتی عملہ میں انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات جناب سعادت حسن، آڈیشنل انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات حشمت اللہ، سپرنٹنڈنٹ جیل نجم عباسی، کانسٹیبل، سکیورٹی عملہ اور جیل کے شعبہ صحت کا تکنیکی عملہ شامل تھا۔ تربیت کے شرکاء نے پی ایم آئی ایس کے اس تربیتی کورس کی تعریف کی اور اس سسٹم سے متعلق مہارتوں کو فروغ دینے اور جیل کے انتظامی امور کے بارے میں مزید علم و معلومات کی فراہمی کے لئے اس طرز کی تربیتی سرگرمیاں جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی