i پاکستان

امریکہ اور پاکستان میں عوامی سطح پر تعلقات ہماری بڑی طاقت ہیں،ڈونلڈ بلومتازترین

August 12, 2022

پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ امریکہ اور پاکستان میں عوامی سطح پر تعلقات ہماری بڑی طاقت ہیں، پاکستانی لوگ اکیسویں صدی کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں، امریکی سفارت خانے اور سندھ کے محکمہ سیاحت کی شراکت داری باعث فخر ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کراچی پہنچ گئے، انہوں نے لیاقت میموریل لائبریری میں قائم لنکن کارنر کا دورہ کیا اور سٹارٹ اپ لیب کا افتتاح کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی سفیر نے کہا کہ سٹارٹ اپ لیب سے کاروبار کا شوق رکھنے والے افراد مفت جدید ٹیکنالوجی اور آلات استعمال کر کے اپنا کاروبار شروع کرنے کے خواب کو حقیقت میں بدل سکتے ہیں۔ انہوں نے امریکی سفارت خانے اور سندھ کے محکمہ سیاحت کی شراکت داری کو باعث فخر قرار دیا جس کے ذریعے یقینی بنایا جا سکے گا کہ پاکستانی لوگ اکیسویں صدی کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔ امریکی سفیر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور پاکستان میں عوامی سطح پر تعلقات ہماری بڑی طاقت ہیں، پاکستان کے مختلف شہروں میں قائم لنکن کارنرز مفت تعلیم اور ثقافتی پروگرامز کے ساتھ پاکستان کے نوجوانوں کو ٹیکنالوجی اور معلومات کے ذرائع فراہم کرتا ہے۔ واضح رہے کہ کراچی میں اپنی نوعیت کی پہلی جدید امریکی سٹارٹ اپ لیب نوجوانوں کے لیے روبوٹکس، لیگوز، تھری ڈی پرنٹرز، فوٹوگرافی سیٹ اپ، ونڈوز اینڈ میک کمپیوٹرز اور ویڈیو ایڈیٹنگ ایکوئپمنٹ کی سہولیات سے لیس ہے۔

کریڈٹ:
انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی