i پاکستان

الیکشن پراسیس مکمل نہیں ہو رہا، الیکشن کمشنر بتائیں کون دباو ڈال رہا ہے، حافظ نعیم الرحمانتازترین

February 15, 2023

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ خدا خدا کرکے بلدیاتی الیکشن ہوا ہے، الیکشن ہوگیا ہے تو پراسیس کو کیوں مکمل نہیں کیا جا رہا، چیف الیکشن کمشنر ہمت کر کے بتا دیں کہ ان پر کون دبا وڈال رہا ہے۔ بدھ کو اپنے ایک بیان میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن 15 جنوری کو ہوا، آج 31 دن ہوگئے، الیکشن کمیشن نے 11 یوسیز کے نتائج کا اعلان نہیں کیا، کراچی میں آکر ہر ایک کا قانون بدل جاتا ہے، کراچی شہر کو نظر انداز کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ لوگ کراچی کے ساتھ کر کیا رہے ہیں؟، آپ جمہوریت دشمنی بھی کرتے ہیں، تعلیم دشمنی بھی کرتے ہیں، مینڈیٹ پر قبضہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ سیاسی پارٹیاں کے الیکٹرک مافیا کی سہولت کار ہیں، کراچی کو سستی بجلی دیں یہ کراچی کا حق ہے، کے الیکٹرک 3 گنا مہنگی بجلی دیتا ہے، کوئی پوچھنے والا نہیں۔ رہنما جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ جو بیوروکریٹ بات کرتا ہے اس کو ہٹا دیا جاتا ہے، ایک دوسرے پر چور چور کا الزام لگاتے ہیں، خود چوریوں میں ملوث ہوتے ہیں، جماعت اسلامی کراچی کی سب سے بڑی جماعت ہے، ہمارے پاس لوگوں کا مینڈیٹ ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی