سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ انتخابات کو 90دن میں ہونا ہے اور ہر گزرتے وقت کے ساتھ 90دن ختم ہور ہے ہیں، الیکشن کمیشن آخر کر کیا رہا ہے؟ الیکشن کمیشن کا واحد کام انتخابات کرانا ہے اور وہ اس کے لیے بھی مزید وقت مانگ رہا ہے، تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سپریم کورٹ میں سابق سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کی ٹرانسفر کے کیس کی سماعت ہوئی جس دوران عدالت نے چیف الیکشن کمشنر کی طلبی سے متعلق استفسار کیا اس پر سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ چیف الیکشن کمشنر کی طبیعت ناساز ہے،دورانِ سماعت جسٹس منیب اختر نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سے تقرر و تبادلے کے لیے رابطہ کس نے کیا؟ الیکشن کمشنر الیکشن ایکٹ کی کس شق کے تحت خود ہی یہ حکم دے سکتے ہیں کہ تقرر و تبادلے کردو؟عدالت نے کہا کہ انتخابات کو 90دن میں ہونا ہے، ہر گزرتے وقت کے ساتھ 90دن ختم ہور ہے ہیں، الیکشن کمیشن آخر کر کیا رہا ہے؟سماعت کے دوران سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید کی جانب سے بار بار بولنے پر جسٹس منیب نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بات کرنے کے دوران مجھے ٹوکنے کی جرات نہ کریں،سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ مجھے بنیادی قانون معلوم ہے، اس پر جسٹس اعجاز نے کہا کہ بنیادی قانون پتا ہونے سے آپ وکیل نہیں کہلائیں گے،عدالت نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا واحد کام انتخابات کرانا ہے، 90روز ختم ہونے کو ہیں اور الیکشن کمیشن مزید وقت مانگ رہا ہے، الیکشن کمیشن کا کام ہی شفاف الیکشن کرانا ہے، اس کے لیے بھی وقت مانگ رہے ہیں،بعد ازاں عدالت نے 90دنوں میں انتخابات نہ کرانے کے خلاف درخواست پر سماعت سے انکارکردیا اور سابق سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کی ٹرانسفر کا کیس نمٹا دیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی