i پاکستان

عمران خان کی تقاریر پر پابندی، پیمرا اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری،جواب طلبتازترین

April 10, 2023

لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی تقاریر کی نشریات پر پابندی ختم کرنے کے عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ کرنے کے معاملے پر پیمرا اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے کیس کی سماعت کی، عمران خان کے وکیل احمد پنسوتہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی تقاریر کی نشریات پر پابندی کے خلاف عدالت نے حکم امتناعی جاری کررکھا ہے۔ وکیل احمد پنسوتہ نے مزید کہا کہ عدالتی حکم کے باوجود عمران خان کی تقاریر کی نشریات پر عائد پابندی ختم نہیں کی گئی، عام انتخابات کا شیڈول آنے کے بعد انتخابی مہم شروع ہورہی ہے، پیمرا کا پابندی کا نوٹیفکیشن بلا جواز اور قانون سے ہٹ کر ہے۔ وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالتی حکم کے مطابق عمران خان کی تقاریر کی نشریات بحال کرنے کا حکم دیا جائے جس پر عدالت نے پیمرا اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی