رہنما تحریک انصاف اور سابق ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ عمران خان کی سکیورٹی کے کوئی خاطر خواہ انتظامات نہیں، کارکنان چیئرمین پی ٹی آئی کی حفاظت کے لیے پہنچ جائیں۔ لاہور میں چیئرمین پی ٹی آئی کی لاہور سے اسلام آباد روانگی کے وقت میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ رانا ثنا اللہ اور ان کے لوگوں نے ملک کو کھوکھلا کر دیا ہے، یہ لوگ ملک کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، آج مہنگائی سے بچنے کے لیے پاکستان کے محب وطن لیڈروں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم اورنگزیب اور عظمی بخاری کی دھمکیوں کو دیکھیں، عمران خان پر کسی بھی قسم کی زیادتی برداشت نہیں کریں گے، کوئی بھی کارروائی ہوتی ہے تو وہی لوگ ذمے دار ہوں گے جو پہلے نامزد کیے گئے تھے۔ مسرت جمشید چیمہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کو نقصان پہنچانا پاکستان کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے، خدا نہ کرے عمران خان کو کچھ ہوا تو عوام خود بخود سڑکوں پر نکلے، تحریک انصاف کے چیئرمین کو ہٹانا پاکستان پر کاری ضرب لگانے کے مترادف ہے۔ پی ٹی آئی رہنما نے عدالت سے اپیل کی کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو پیشی سے استثنی دیا جائے، ان کی جان کو خطرہ ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی