i پاکستان

آج بینظیر بھٹو اور ان کے ہزاروں جیالوں کے خون سے جمہوریت قائم ہے، آصف علی زرداریتازترین

October 18, 2022

سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ آج بینظیر بھٹو اور ان کے ہزاروں جیالوں کے خون سے جمہوریت قائم ہے۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے سانحہ کار ساز کے موقع پر اہم پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے اپنی عظیم قائد محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے مشن کی تکمیل کرتے ہوئے 1973 کے آئین کو اصل صورت میں بحال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جدوجہد اس روشن صبح کیلئے ہے جب ہر نوجوان بر سر روزگار ہوگا، معاشی اور سماجی طور کمزور طبقات کو معاشی اور سماجی انصاف مہیا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی جدوجہد کو پایہ تکمیل تک پہنچا کر پیپلزپارٹی نے آمروں کی طرف سے پارلیمنٹ سے چھینے ہوئے اختیارات پارلیمان کو واپس دلوائے ہیں۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ آج ملک کا پسماندہ علاقہ تھر کوئلے سے بجلی پیدا کر رہا ہے اور ملک کوروشن کرنے میں اپنا حصہ ڈال کر بتا رہا ہے یہ روشنی بھی محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا خواب تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سانحہ کار ساز کے بہادر شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں،ان جیالوں کی بہادری، وفاداری اور ثابت قدمی کا دنیا کی سیاسی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی جن جیالوں نے بم دھماکوں سے بے خوف ہوکر اپنی عظیم بہین اور قائد کی حفاظت کی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی عہد کرتی ہے چاہے کچھ بھی ہو جائے جمہوریت پر آنچ آنے نہیں دیگی، 18 ویں آئینی ترمیم ملک کی سالمیت اور بقا کی ضمانت ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی