امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف فنڈنگ کی راہ کھولنے کے لیے پاکستان کو ہی اقدامات کرنا ہوں گے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے بریفنگ میں کہا کہ پاکستان کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ وہ آئی ایم ایف کے ساتھ کام جاری رکھے لیکن آئی ایم ایف فنڈنگ کی راہ کھولنے کے لیے پاکستان کو ہی فیصلے کرنا ہوں گے۔ نیڈ پرائس نے کہا کہ اصلاحات لانے سے پاکستانی کاروبار مزید مسابقتی ہو جائیں گے اور پاکستان کو بہتر سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں مدد ملے گی جبکہ ضروری اقتصادی فیصلوں سے پاکستان پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکتا ہے۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ عالمی برادری اور امریکا کی مدد سے پاکستان پائیدار ترقی کی راہ پر آسکتا ہے، پاکستان پائیدارترقی کے لیے عالمی مالیاتی اداروں اور آئی ایم ایف کے ساتھ کام کر رہا ہے، امریکا، اقتصادی، سکیورٹی، سیاسی چیلنجز پر پاکستان کا شراکت دار بننے کو تیار ہے، ہم پاکستان کے شراکت دار ہیں، مستحکم، پرامن اور خوشحال پاکستان چاہتے ہیں۔ نیڈ پرائس نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام کو معاشی مشکلات سمیت زبردست مشکلات کا سامنا ہے۔ اپنی بریفنگ کے دوران نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ عمران خان کی ریلی کے دوران جھڑپوں سے آگاہ ہیں، دونوں فریقین کو تحمل کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ امریکی حکام کی جانب سے عمران خان کی ریلی میں جھڑپوں کے دوران جاں بحق ہونیوالے شخص کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی