چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے ہیں کہ سندھ حکومت کو مطمئن کرنا پڑے گا کہ وہ عوام کیلئے کام کررہی ہے۔ سپریم کورٹ میں سیلاب متاثرین کو سہولیات دینے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے سندھ حکومت سے امدادی سرگرمیوں کی تفصیلات مانگیں۔ تاہم سندھ حکومت نے جواب جمع کرانے کیلئے ایک ہفتے کی مہلت مانگ لی۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ سیلاب انتظامی اختیارات نہیں عوام کے بنیادی حقوق کا مسئلہ ہے، سندھ ہائیکورٹ نے عوامی مفاد میں احکامات جاری کئے تھے۔ ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے عدالت میں مقف پیش کیا کہ امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کیلئے شہری کمیٹیاں بنادی ہیں۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ عدالت امدادی سرگرمیوں میں مداخلت نہیں کرے گی، تاہم سندھ حکومت کو مطمئن کرنا ہوگا کہ عوام کیلئے کام ہورہا ہے۔ عدالت نے سندھ حکومت سے امدادی سرگرمیوں کی تفصیلات مانگ لیں، جب کہ پی ڈی ایم اے اور ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سے بھی جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 20 اکتوبر تک ملتوی کردی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی