i پاکستان

عام انتخابات میں ن لیگ کے مقابلے میں تحریک انصاف کا پلڑا بھاری، سروےتازترین

April 13, 2023

ریسرچ ادارے آئیرس کمیونیکیشنز کی جانب سے عام انتخابات سے متعلق سیاسی جماعتوں کے ووٹرز کا سروے جاری کر دیا گیا۔ مارچ سے اپریل کے درمیان کرائے گئے آئیرس کمیونیکیشنز کے حالیہ رائے عامہ کے سروے کے مطابق اگلے عام انتخابات میں تحریک انصاف کو سب سے زیادہ ریٹنگ ملی جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن دوسرے نمبر پر رہی۔ سروے میں سیاسی جماعتوں کو ووٹ دینے کے حوالے سے سوال کیا گیا جس میں 40 فیصد لوگوں نے کہا کہ وہ عام انتخابات میں تحریک انصاف کو ووٹ دیں گے۔ اسی طرح 19 فیصد لوگوں نے پاکستان مسلم لیگ ن اور 11 فیصد لوگوں نے کہا کہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے حق میں ووٹ دیں گے۔ سروے میں 5 فیصد لوگوں نے تحریک لبیک پاکستان(ٹی ایل پی )، 2 فیصد نے جماعت اسلامی (جے آئی) اور 9 فیصد لوگوں نے دیگر جماعتوں کو ووٹ دینے کا کہا۔ سروے میں ایک اور سوال کیا گیا کہ کون سا لیڈر پاکستان کو بحران سے نکالنے کی صلاحیت رکھتا ہے؟ جس پر 56 فیصد لوگوں نے عمران خان کا نام لیا جبکہ 16 فیصد لوگوں نے نواز شریف کو منتخب کیا۔ 2 فیصد نے شہباز شریف جبکہ 1،1 فیصد نے بلاول بھٹو اور آصف زرداری کا نام لیا۔ سروے میں یہ سوال بھی کیا گیا کہ آیا موجودہ حکومت بڑھتی ہوئی مہنگائی کو قابو کرنے کی اہل ہے؟ جس پر 76 فیصد کا جواب نا اور 11 فیصد نے جواب ہاں میں دیا جبکہ 13 فیصد نے دوسری وجوہات پیش کیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی