کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری شیخ عبدلمتین نے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں قابض بھارتی انتظامیہ کی طرف سے جاری بے دخلی اور مسماری مہم کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اس مہم کی آڑ میں غیر ریاستی باشندوں کو مقبوضہ علاقے میں آباد کرکے کشمیری مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا چاہتاہے ،کشمیری عوام فاشسٹ مودی حکومت کے ان مذموم عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ، اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں شیخ عبدالمتین نے کہا کہ بھارت کی انتہا پسند ہندو سرکار اپنی ظالمانہ کارروائیوں سے کشمیریوں کے جذبہ آزاد ی کو ختم کرنے کی کوششوں میں مصرو ف ہے ، کشمیری اپنے بنیادی حقوق کے لئے پرامن طریقے سے جدوجہد کررہے ہیں لیکن بھارت نو لاکھ سے زائد اپنی قابض افواج کو استعمال میں لاتے ہوئے کشمیری عوام پر ظلم وبربریت کررہا ہے تاکہ انہیں اپنی جدوجہد سے دستبر دارکرایا جاسکے ،انہوں نے کہاکہ بھارت کشمیریوں کے بلند حوصلوں کے باعث آ ج تک اپنے عزائم میں ناکام رہا ہے، اب اس نے 5 اگست 2019کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے بعد مقبوضہ علاقے میںنہتے کشمیریوں کے خلاف اسرائیلی طرز پر سفاکانہ کارروائیاں شرو ع کر رکھی ہیں،جس کے تحت بھارت کی مودی سرکا ر کشمیریوں کو اپنی سرزمین سے بے دخل کرنے کی پالیسی پر عمل پیر اہے اور اس پالیسی کے تحت اب تک لاکھوں ہندوںکو مقبوضہ جموں وکشمیر کے ڈومیسائل سرٹیفکیٹ جاری کئے گئے ہیں
اس کے ساتھ ساتھ مقبوضہ علاقے میں اب انسداد تجاوزات مہم کی آڑ میں مسماری اور بے دخلی کے ذریعے کشمیری لوگوں کو اپنی ہی سرزمین میںبے دخل کیا جارہا ہے تاکہ کشمیری مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کیا جاسکے ، حریت کانفرنس کے رہنما نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں کشمیر میں اپنی فوج کو انسانی حقوق کی پامالیوں کا لائسنس جاری کیا ہے ، وہ کسی قانون کے تابع نہیں ہیں ، بھارت نے اپنی قابض فوج کے بل بوتے پرکشمیریوں کی نسل کشی کے ساتھ ساتھ عورتوں کی عزت و عصمت کو پامال کر نے کا معمول بنا رکھا ہے، بھارت کشمیریوں کو ہر طرح سے کمزور اور ان کے جذبہ حریت کو توڑ نے کی ہر ممکن کوشش کر رہا ہے ، کشمیریوں کی آواز کو خاموش کرانے کے لئے پوری حریت قیادت کو جیلوں میں بند کیا گیا ہے، نوجوانوں کو گرفتار کرکے جعلی مقابلوں میں شہید کیا جاتا ہے ، انہوں نے کہاکہ بھارت کی ان سفاکانہ اور ظالمانہ کارروائیوں کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں وہ کسی بھی صورت ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے مرعوب ہونے والے نہیں ہیں، کشمیریوں نے حصول آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کررکھا ہے، ،شیخ عبدالمتین نے عالمی برادری خاص کرا قوام متحدہ پر زوردیا ہے کہ وہ کشمیری عوام کو اپنی سرزمین سے بے دخل کرنے کے بھارتی سفاکانہ اقدامات کا نوٹس لیں اور خطے میں پائیدار امن کے لئے کشمیریوں سے کئے گئے وعدے پورا کرے اور مسئلہ کشمیر کا کشمیری عوام کی خواہشات اور یواین قراردداوں کے مطابق حل تلاش کرنے کے لئے بھارت پر دباو بڑھائیں ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی