انسداد دہشتگردی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی اور ان کی دو مقدمات میں عبوری ضمانت میں 16 مئی تک توسیع کر دی۔ انسداد دہشتگردی عدالت میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، وکلا نے عمران خان کی حاضری معافی کی درخواست دائر کی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ عمران خان نے 9 مقدمات میں اسلام آباد ہائیکورٹ پیش ہونا ہے، استدعا ہے کہ عدالت عمران خان کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرے۔ عدالت نے عمران خان کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے ان کی 2 مقدمات میں عبوری ضمانت میں 16 مئی تک توسیع کر دی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی