i پاکستان

10 دن پہلے یا بعد الیکشن ہر صورت ہو کر رہیں گے،شیخ رشیدتازترین

May 01, 2023

سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے امید ہے عدلیہ کسی فیصلے پر پہنچنے سے پہلے مذاکرات کی کامیابی یا ناکامی کو بھی دیکھے گی۔ پیر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ مذاکرات بہانہ ہے یا الیکشن کروانا ہے، اس کا فیصلہ 10 مئی تک ہو جائے گا، جو روز آڈیو، ویڈیو کھیل رہے تھے ان کے اپنے وزیر خارجہ، وزیراعظم کی آڈیو بھی لیگ ہوگئی، اس ہفتے سپریم کورٹ سے قوم کو اہم فیصلوں کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم جاننا چاہتی ہے آئی ایم ایف سے معاہدے کا کیا بنا، پی ڈی ایم ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، عدلیہ، آئین اور قانون ہر صورت میں جیتے گا، الیکشن ہر صورت ہو کر رہیں گے، 10 دن پہلے یا 10 دن بعد ہوں۔ سابق وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ بقول شاہد خاقان عباسی کے آٹے کی لائن میں 20 جانیں گئیں، حکومت نے رمضان میں 20 ارب کی دیہاڑی بھی لگائی، قوم جاننا چاہتی ہے کہ بکتر بند گاڑیاں کس کے حکم پر دروازے توڑتی ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی