خیبرپختونخوا کے وزیر جنگلات و ماحولیات اور جنگلی حیات سید محمد اشتیاق ارمڑنے کہا ہے کہ باشعور عوام نے پنجاب میں ووٹ کے ذریعے امپورٹڈ حکومت کو مسترد کرکے ایک دفعہ پھر تاریخی کامیابی حاصل کی ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک کو بحرانوں سے نکالنے میں ضرور کامیاب ہو گی، عوام حقیقی تبدیلی کے لئے آئندہ بھی متحد رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ نیابت پی کے69 میں میاں گجر، چمکنی پایان اور پھند و بالا پشاور کے دورے کے موقع پر علاقہ عمائدین اور پارٹی ورکرز سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی عوامی جماعت ہے اور عوامی مفادات پر مکمل یقین رکھتی ہے،پارٹی کے منشور کا محور صرف غریب عوام کی ترقی و خوشحالی ہے اور عوام بھی پارٹی قائد و چیئرمین عمران خان کے ویژن کے مطابق حقیقی تبدیلی کے حامی ہیں،افسوس ماضی میں سابق حکمرانوں نے عوامی مفادات کو پس پشت ڈال کر اپنے ذاتی مفادات کو مد نظررکھتے ہوئے ملک کی ترقی و خوشحالی اور غریب عوام کے بلند معیار زندگی پر کوئی توجہ نہیں دی،حالانکہ دستیاب قومی وسائل عوامی امانت ہیں انہیں صرف عوامی فلاح و بہبود پر ہی خرچ ہونا چاہیے مگر وہ ان کی شاہ خرچیوں پر خرچ ہوئے جس سے ملک کی معیشت پر خراب اثرات پڑ کر ملک بحرانوں کا شکار،بجلی و گیس کو غائب کر دیا گیااور خود ساختہ مہنگائی زوروں پر۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت عوام دوست اقدامات اور فیصلوں کی بدولت اپنے اہداف تک پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ کا دائرہ کار صوبہ بھر تک پھیلا دیا،مہنگائی کے خلاف فوڈسکیم جاری ہے، صوبہ بھر کے نوجوانوں کی پیشہ ورانہ تعلیم کے لیے ریکارڈ رقم مختص کی گئی ہے جبکہ تعمیرات، زراعت و جنگلات اور ماحولیات سمیت تمام شعبوں میں ریکارڈ فنڈز خرچ کیے جا رہے ہیں انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ملک و قوم کی ترقی کے لیے پی ٹی آئی حکومت کا بھرپور ساتھ دیتے رہیں تاکہ تمام دستیاب وسائل عوامی فلاح و بہبود پر خرچ کر کے عوام کے مسائل اور مشکلات میں خاطر خواہ کمی لائی جا سکے۔
کریڈٹ:
انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی