i ٹیکنالوجی

چین پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی سینٹر تعمیر کرے گا، ویلتھ پاکتازترین

July 27, 2022


چین پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی سینٹر تعمیر کرے گا،4 ہزارچینی ٹیکنالوجی فرموں کو پاکستان میں آئی ٹی سیکٹر میں سرمایہ کاری کا موقع ملے گا،200 چینی کمپنیوں کو دعوت نامہ بھیج دیا گیا۔ویلتھ پاک کی رپورٹ کے مطابق سپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی اگست 2022 میں 4 ہزارچینی ٹیکنالوجی فرموں کو پاکستان میں آئی ٹی تعاون پر کام کرنے کے لیے مدعو کر رہی ہے۔اتھارٹی کی اسٹریٹجک پلاننگ اور کلائنٹ سروسز کے ڈائریکٹر حمزہ سعید نے ویلتھ پاک کو بتایا کہ اتھارٹی نے چینی ٹیک اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر ایک کثیر الجہتی حکمت عملی تیار کی ہے۔ پاکستان کے دفتر خارجہ میں چینی امور کے لیے ایک خصوصی سیکشن موجودہے جب کہ سپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی نے چین میں پاکستانی سفارت خانے کے ساتھ چینی کاروبار تک رسائی کے لیے ایک جامع حکمت عملی متعارف کرائی ہے۔ چین میں پاکستانی سفیر معین الحق نے 200 چینی کمپنیوں کو دعوت نامہ بھیج دیاہے۔اہلکار نے کہا کہ چینی کمپنیاں سپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی کے منصوبوں میں گہری دلچسپی لیتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین نے چپ ڈیزائننگ ٹیکنالوجی میں سیمی کنڈکٹرز پر 400 ارب ڈالر کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ چین کو 5 لاکھ چپ ڈویلپرز کی ضرورت ہے ۔2لاکھ ڈیزائنرز چین میں اندرونی طور پر دستیاب ہیںجبکہ وہ دوسرے ممالک میں 3لاکھ ڈیزائنرز کی تلاش کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم چپ ڈیزائننگ کی خدمات فراہم کرنے کے لیے چین کے ساتھ بھی مصروف عمل ہیںاور اسٹریٹجک تعاون پر معاہدے کی سطح پر بات چیت کی جا رہی ہے۔ حمزہ سعیدنے کہا کہ سپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی چین پاکستان اقتصادی راہداری کے مشترکہ ورکنگ گروپ کا بھی حصہ ہے جو وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تحت منظم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ستمبر 2022 میں بیجنگ میں زیڈ پارک کے ساتھ ایک باضابطہ معاہدہ کرنے جا رہے ہیںجس کے تحت ایک مشترکہ منصوبے کے طور پر دونوں ممالک میں چین پاکستان ٹیکنالوجی سینٹر تعمیر کیا جائے گا۔انہوںنے کہا کہ سپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی چین میں پاکستانی سفارت خانے سے رابطے میں ہے۔ چینی ٹیک سیکٹر کے ساتھ ٹیکنالوجی تعاون چین میں پاکستانی سفارتخانے کی ترجیح ہے۔ سپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی نے

اسلام آباد میں چینی سفارت خانے کے سائنس کونسلر کے ساتھ آئی ٹی سیکھنے میں سرکاری اہلکاروں کی استعداد کار میں اضافے کے بارے میں ایک تعاون کا فریم ورک بھی شیئر کیاہے۔انہوں نے کہا کہ ہم علم کی منتقلی اور تبادلے میں تعاون کے لیے کام کر رہے ہیں۔ سپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی چین کی عوامی پالیسی کے بارے میں بھی جاننا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ٹیکنالوجی زون واحد زون بننے جا رہا ہے جو پاکستان نے اپنے طور پر تیار کیا ہے۔ اسلام آباد ٹیکنالوجی زون کا مقصد صوبوں کو معاونت فراہم کرنا ہے کیونکہ آئی ٹی زون کی ٹیکنالوجی پاکستان میں بالکل نئی ہے۔حمزہ سعید نے کہا کہ ہم وفاقی اور صوبائی اداروں میں آئی ٹی حکام کی صلاحیت کو بھی بڑھا رہے ہیں۔

کریڈٹ:
انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی