i بین اقوامی

ترکیہ، شام میں تباہ کن زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 21ہزار سے متجاوزتازترین

February 10, 2023

ترکیہ اور شام میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 21 ہزار سے تجاوز کر گئی، ترکیہ میں 17 ہزار 674 جبکہ شام میں 3 ہزار 317 ہلاکتیں ہو چکی ہیں، ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ترک میڈیا کے مطابق وزیر صحت فخرالدین قوجہ اور وزیر دفاع خلوصی آقار نے بتایا کہ اس وقت ہلاک شدگان کی تعداد 17674 جبکہ زخمیوں کی تعداد 72879 ہو چکی ہے، اب تک 2101 ایمبولینسز، 296 قومی طبی امدادی ٹیم کی گاڑیاں، پانچ عدد فضائی ایمبولینس، سات ہیلی کاپٹرز اور 14 ہزار 429 طبی اہلکار ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔وزیر صحت نے بتایا کہ اب تک متاثرہ علاقوں میں دیگر اضلاع سے 1859 طبی ماہرین اور 6841 طبی ملازمین بھی کام کر رہے ہیں جبکہ متاثرہ علاقوں میں 77 عدد ہنگامی بنیادوں پر طبی خیمے نصب کیے گئے ہیں۔ترک صدر رجب طیب اردگان نے صوبہ عثمانیہ میں زلزلے کے متاثرین سے ملاقات کی اور وہاں جاری امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ زلزلے نے بڑی تباہی مچائی ہے اور اسے صدی کی آفت قرار دیا جا سکتا ہے، علاوہ ازیں ترک پارلیمنٹ میں ووٹنگ کے بعد جنوبی ترکیہ کے زلزلے سے متاثرہ 10 صوبوں میں تین ماہ کی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی