i بین اقوامی

علی لاریجانی کی شہادت کا بدلہ، ایران کی اسرائیل پر میزائلوں کی بارش،گاڑیاں تباہ، 2 افراد ہلاکتازترین

March 18, 2026

ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری علی لاریجانی کی شہادت کے بعد ایران نے بدلہ لینے کیلئے اسرائیل پر میزائلوں کی بارش کردی جس کے نتیجے میں تل ابیب میں متعددگاڑیاں تباہ جبکہ 2 افراد ہلاک ہوگئے،ایرانی میزائل اسرائیلی شہر بیتِ شیمش میں فوجی تنصیبات تک پہنچ گئے،ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے نائب سربراہ بھی اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے،ایرانی پاسداران انقلاب نے علی لاریجانی اور دیگر شہدا کے خون کا بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے ۔ایرانی میڈیا کے مطابق ایک بیان میں واضح کیا کہ آپریشن وعدہ صادق 4 کے تحت اسرائیل کے خلاف حملوں کی 61 ویں لہر کا آغاز کردیا۔بیان کے مطابق اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب پر خرمشہر 4، قدر، عماد اور خیبرشکن میزائل داغے اور 100 سے زائد فوجی اور سکیورٹی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق سکیورٹی چیف علی لاریجانی کے قتل کے جواب میں ایران نے تل ابیب کوکلسٹروارہیڈزوالے میزائلوں سے نشانہ بنایا ۔ رپورٹ کے مطابق تل ابیب پر ایرانی حملوں میں متعددگاڑیاں تباہ ہوگئیں جبکہ کئی مقامات پر آگ بھڑک اٹھی، عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا، حملوں میں 2 افراد ہلاک ہوگئے۔ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعوی کیا ہے کہ نئے حملے میں میزائل 100 سے زائد اہداف پر لگے ہیں اور اسرائیل میں 200 افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ایرانی میڈیا کے مطابق علی لاریجانی کومشرقی تہران میں نشانہ بنایاگیا جہاں وہ اپنی بیٹی سے ملنے گئے ہوئے تھے۔

اسرائیلی میڈیا نے بھی ایرانی میزائلوں سے ہونے والے جانی اور مالی نقصانات کی تصدیق کر دی۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق شہر بیتِ شیمش پر میزائل حملے سے متعدد عمارتیں نشانہ بنیں اور کئی اہم فوجی عمارتیں تباہ ہو گئیں، ان حملوں میں جانی نقصان کی بھی اطلاعات ہیں۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق بیتِ شیمش میں میڈیکل کور اور فوجی بھرتی مراکز بھی حملے کی زد میں آئے، ریسکیو ٹیمیں امدادی کارروائیاں کر رہی ہیں۔اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ فوجی سامان اور لاجسٹک سائٹس بھی بیتِ شیمش کے اس علاقے میں ہیں، وسطی اسرائیل میں ہنگامی صورتِ حال اور سیکیورٹی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔بیت شیمش پر ایرانی حملے کے بعد اسرائیلی حکام کی تحقیقات جاری ہیں۔علاوہ ازیںپاسداران انقلاب نے ایران کی بسیح فورس کے کمانڈر غلام رضا سلیمانی کی شہادت کی تصدیق کر دی۔جاری بیان میں ایرانی پاسداران انقلاب نے کہا کہ قومی سلامتی کے سیکرٹری علی لاریجانی اور بسیج فورس کے کمانڈر غلام رضا سلیمانی کی شہادت کے بعد وہ خون کا بدلہ لینے کے جذبے سے کبھی دستبردار نہیں ہوں گے، دہشت گرد قاتلوں کو خبردار کرتے ہیں کہ شہید رہنما، کمانڈروں اور دیگر شہدا کے خون کا بدلہ ضرور لیا جائے گا۔پاسدارانِ انقلاب نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ ان شہادتوں سے ایرانی قوم اور بسیج کے تمام اہلکاروں کے حوصلے مزید بلند ہوں گے اور وہ مزاحمت کے راستے پر پہلے سے زیادہ مضبوطی سے قائم رہیں گے۔ ادھر ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے نائب سربراہ برائے سکیورٹی علی رضا بھی علی لاریجانی کے ساتھ اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے۔

اس سے قبل ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل نے تصدیق کی تھی کہ علی لاریجانی، ان کے بیٹے مرتضی لاریجانی اور ایک معاون حملے میں مارے گئے ہیں، ایرانی خبر رساں ایجنسی تسنیم نے علی رضا کو ماہر مگر غیر معروف منتظم قرار دیا۔ دوسری جانب غیرملکی میڈیارپورٹس کے مطابق عراقی دارالحکومت بغدادمیں امریکی سفارت خانے کے کمپانڈ پر بدھ کی صبح نئے حملوں کی اطلاعات سامنے آ ئی ہیں۔سکیورٹی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ شہر میں سفارت خانے کے قریب دھماکوں کی آوازیں سنیں۔ یہ علاقہ سخت سکیورٹی والے گرین زون میں واقع ہے، جہاں کئی سفارتی مشنز اور بین الاقوامی تنظیمیں موجود ہیں۔اس دوران عراق کی فوج کے ترجمان صباح النعمان نے بغداد میں امریکی سفارت خانے پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بین الاقوامی معاہدوں کی خلاف ورزی ہیں۔عراقی نیوز ایجنسی کو جاری بیان میں ان کا کہنا تھا ایک بار پھر غیرقانونی گروپوں نے دارالحکومت بغداد میں امریکی سفارت خانے کے ہیڈکوارٹرز کو نشانہ بنا کر اپنا ہولناک حملہ دہرا دیا۔صباح النعمان نے کہا کہ یہ عمل عراق کی خودمختاری اور وقار پر ایک کھلا دہشت گردانہ حملہ ہے، سفارتی مشنز کو نشانہ بنانا بین الاقوامی معاہدوں اور خارجہ تعلقات کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

عراق کی فوج کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ کمانڈر انچیف اور وزیراعظم نے سکیورٹی اداروں اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ مجرموں کو تلاش کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ ادھر سعودی عرب اور کویت دونوں ہی ممالک کی جانب سے جاری بیانات میں کہا گیا ہے کہ وہ اپنے علاقے میں ہونے والے متعدد ڈرون اور میزائل حملوں کا جواب دے رہے ہیں۔سعودی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ اس نے ملک کے مشرقی حصے میں چھ ڈرونز ناکارہ بنایا اور انھیں فضا میں ہی تباہ کر دیا۔ کویت کی فوج کا کہنا ہے کہ ان کے فضائی دفاعی نظام میزائل اور ڈرونز کا مقابلہ کر رہے ہیں اور عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ حفاظت اور سکیورٹی سے متعلق ہدایات پر عمل کریں۔مزید کہا گیا ہے کہ جو بھی دھماکوں کی آوازیں سنی جا سکتی ہیں وہ دراصل فضائی دفاعی نظام کی جانب سے حملوں کو روکنے کا نتیجہ ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی