ترکیہ کی خاتونِ اول امینہ ایردوان نے پاکستان سے ترکیہ لائی گئی جڑواں اور سر جڑی بچیوں کے کامیاب آپریشن پر 60رکنی آپریشن ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے،امینہ ایردوان نے سوشل میڈیا سے جاری کردہ بیان میں 14گھنٹوں کے کامیاب آپریشن کے بعد ایک دوسرے سے الگ کی گئی 8ماہ کی سر جڑی بچیوں کے بارے میں کہا کہ صحت زندگی کا قیمتی ترین تحفہ ہے۔ ہمارے ڈاکٹروں نے 2اولادوں کو یہ تحفہ دیا ہے۔ اس کامیابی پر میں آپریشن میں شامل سب ڈاکٹروں کو دِلی مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ ترکیہ میں کئے گئے اس تاریخی آپریشن کا شمار دنیا کے گنے چنے واقعات میں ہوتا ہے۔ میری دعا اور تمنا ہے کہ یہ معصوم بچیاں صحت مند اور خوشیوں بھری زندگی گزاریں،واضح رہے کہ ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان کے احکامات پر پاکستانی جڑواں اور سر جڑی بچیوں کا آپریشن انقرہ کے بِلکینٹ سٹی ہسپتال میں کیا گیا۔ آپریشن 2 مرحلوں میں مکمل ہوا۔ دوسرا آپریشن 14گھنٹے جاری رہا اور اس میں ڈاکٹروں کی 60رکنی ٹیم نے حصہ لیا۔ آپریشن کے بعد جڑواں بچیوں کے سر کامیابی سے ایک دوسرے سے الگ کر دیئے گئے ہیں اور بچیوں کی حالت تسلی بخش ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی