ترکیہ میں قوم پرست ترکوں کے ایک گروپ سے وابستہ ترک نوجوانوں کاامریکی فوجیوں پر حملہ، ترکیہ کی پولیس نے 15ترک نوجوانوں کو حراست میں لے لیا اور تفتیش شروع کر دی ہے۔ ترکیہ کے نوجوان اس حملے کے دوران نعرے لگاتے رہے اور فلسطینیوں کے حق میں جذبات کا اظہار کرتے رہے،انقرہ میں موجود امریکی سفارت خانے نے بھی اس واقعے کی تصدیق کر دی ہے، امریکی حکام کے مطابق امریکہ کو اس واقعے پر پریشانی ہے تاہم ترکیہ کی پولیس پوری ذمہ داری سے معاملے کو دیکھ رہی ہے،عرب میڈیاکے مطابق ترک نیشلسٹ یوتھ گروپ نے ترکیہ کے علاقے ازمیر میں امریکی فوجیوں پر جسمانی طور پر حملہ کیا ہے، یہ ترک نوجوان ' ٹی جی بی ' کے ممبر تھے جو ترکیہ کی اپوزیشن جماعت وطن پارٹی کا ذیلی ونگ ہے،جب امریکی فوجیوں پر حملہ کیا گیا تو اس وقت دوامریکی فوجی عام شہری لباس میں تھے۔ تاہم بعد ازاں پانچ مزید فوجی اس واقعے میں شامل ہو گئے۔ پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور حملے میں ملوث تمام 15افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ جن سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔وائٹ ہائوس کے ترجمان نے اس بارے میں ایک بیان میں کہا ہے اس پر واشنگٹن کو پریشانی تھی مگر ترک پولیس سنجیدگی اور ذمہ داری سے معاملے کو دیکھ رہی ہے۔ ترکیہ میں امریکی سفارت خانے نے بھی اس واقعے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ فوجی اب محفوظ ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی