i بین اقوامی

تعاون کو تصادم پر ترجیح دیں،چینی وزیر اعظم کی امریکہ کو مذاکرات کی پیشکشتازترین

March 24, 2025

چین کے وزیر اعظم لی چیانگ نے امریکہ کے ساتھ مذاکرات اور باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کو تصادم کے بجائے مشترکہ ترقی پر توجہ دینی چاہیے۔غیرملکی خبررساںادارے کے مطا بق چینی وزیر اعظم کا یہ بیان بیجنگ میں ایک اہم اجلاس کے دوران سامنے آیا، جس میں امریکی کاروباری شخصیات اور سینیٹر اسٹیو ڈینز شریک تھے۔ ڈینز صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی اتحادی سمجھے جاتے ہیں، اور ان کے اس دورے کو چین-امریکہ تعلقات میں بہتری کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔لی چیانگ نے کہا کہ "ہمیں تصادم کے بجائے مذاکرات، اور صفر جمع مقابلے کے بجائے مشترکہ فائدے کی راہ اختیار کرنی چاہیے"۔ اجلاس میں فیڈ ایکس، فائزر اور کوالکوم جیسی بڑی امریکی کمپنیوں کے سی ای اوز بھی موجود تھے۔چینی وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ بیجنگ عالمی اقتصادی استحکام کا خواہاں ہے، اور امریکہ کو بھی چین کے ساتھ بہتر تعلقات کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں۔یہ اجلاس ایسے وقت میں ہوا جب ٹرمپ نے چین سمیت کئی ممالک پر تجارتی محصولات میں اضافہ کر دیا ہے، جس سے عالمی تجارتی نظام میں عدم استحکام پیدا ہو رہا ہے۔لی چیانگ نے کہا کہ "چین ہمیشہ انصاف اور درست سمت میں کھڑا رہے گا اور عالمی معیشت میں استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا"۔اجلاس میں چین سے امریکہ میں فینٹینائل اور اس کے کیمیکل اجزا کی ترسیل جیسے حساس موضوعات پر بھی بات چیت کی گئی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی