i بین اقوامی

سپین کے وزیراعظم بھارت کے دورے پر پہنچ گئے،شاندار استقبالتازترین

October 28, 2024

سپین کے وزیر اعظم پیڈرو سانچیز بھارت کے دورے پر پہنچ گئے اور ان کا بھارتی ہم منصب نریندر مودی کے ہمراہ شاندار استقبال کیا گیا جہاں اسپین دنیا کی پانچویں سب سے بڑی معیشت بھارت میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔غیرملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ریاست گجرات کے وڈودرا میں ٹاٹا ایڈوانسڈ سسٹمز اور ایئربس کے درمیان ایک ملٹری ایئر کرافٹ فیکٹری کا افتتاح کرنے کے لیے جاتے ہوئے دونوں کو ایک گاڑی میں پر سوار ہو کر عوام کی جانب ہاتھ لہراتے دیکھا جا سکتا ہے۔ بھارت کی وزارت دفاع نے 2021 میں ایئربس ڈیفنس اینڈ اسپیس سے 56 کارگو اور فوجیوں کو لے جانے والے C295 طیاروں کے لیے 2.5 ارب ڈالر کے معاہدے پر اتفاق کیا تھا۔ان میں سے 16 کی اسیمبلنگ اسپین کے شہر سیویل میں کی گئی اور ان کی پچھلے سال ڈیلیوری کردی گئی تھی لیکن باقی 40 طیارے بھارت میں تیار کی جائیں گے۔ مودی نے افتتاح کے موقع پر کہا کہ یہ کارخانہ ناصرف بھارت اور اسپین کے تعلقات کو مضبوط کرے گا بلکہ میک ان انڈیا اور میڈ فار دی ورلڈ مشن کو بھی تقویت دے گا جبکہ یہ عالمی ایرو اسپیس مینوفیکچرنگ میں ایک قابل اعتماد شراکت دار کے طور پر بھارت کے مقام کو بھی مزید مستحکم کرے گا۔ہسپانوی وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے کہا کہ ایئربس نے بھارت کی دفاعی اور خلائی صنعت میں ایک نئے باب کا آغاز کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ ایک قابل اعتماد اور اسٹریٹجک پارٹنر کے طور پر دونوں ملکوں کے درمیان گہری وابستگی کو بنیاد بناتے ہوئے ہمارے صنعتی تعلقات کو مضبوط اور اسپین کی دفاعی صنعت کی صلاحیتوں کو بھی ظاہر کرتا ہے۔بھارت کا کہنا ہے کہ دنوں ملکوں کے درمیان تجارت فروغ پا رہی ہے جہاں 2023 میں کل 9.9 ارب ڈالر کی تجارت ہوئی جس میں بھارت 7.17ارب ڈالر کی برآمدات اور 2.74 ارب ڈالر کی درآمد کیں۔اسپین اس وقت بھارت میں 16واں بڑا سرمایہ کار ہے جہاں اس وقت پڑوسی ملک میں 280 سے زیادہ ہسپانوی کمپنیاں تعمیرات، فارمیسی، توانائی کے ساتھ ساتھ ریلوے کی صنعت میں کام کررہی ہیں۔اسپین کی سرکاری جہاز سازی کمپنی ناوانتیا کے لیڈرز بھی اس دورے میں وزیراعظم کے ساتھ موجود ہیں اور آبدوزوں سمیت مختلف معاہدوں کے لیے مختلف معاہدوں کے لیے کوشاں ہیں۔مودی نے 2017 میں اسپین کا دورہ کیا اور 2018 اور 2021 میں جی20 سربراہی اجلاسوں میں سانچیز کے ساتھ بات چیت کی تھی لیکن یہ تقریبا دو دہائیوں میں کسی ہسپانوی وزیر اعظم کا پہلا دورہ بھارت ہے۔گزشتہ ماہ چین کا دورہ کرنے والے پیڈرو سانچیز ایشیا میں چین اور بھارت دونوں کے ساتھ تعلقات کو مستحکم کرنے کے خواہاں ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی