i بین اقوامی

ہسپانوی وزیراعظم کے دورہ چین سے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، ترجمان چینی وزارت خارجہتازترین

September 04, 2024

چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ما ننگ نے کہا ہے کہ چین کو امید ہے کہ ہسپانوی وزیر اعظم پیڈرو سانچیز کے آئندہ دورہ چین کے ذریعے دونوں ممالک دوطرفہ تعلقات کو مزید آگے بڑھائیں گے اور چین اور سپین کی جامع سٹرٹیجک شراکت داری میں نئی جہتوں کا اضافہ کریں گے۔ چین کے وزیر اعظم لی چھیانگ کی دعوت پر سپین کے وزیر اعظم سانچیز 8 سے 11 ستمبر تک چین کا سرکاری دورہ کریں گے۔ ترجمان نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ سانچیز اپنے دورے کے دوران صدر شی جن پھنگ سمیت وزیر اعظم لی چھیانگ اور نیشنل پیپلز کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین ژا لی جی سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ دورے کے دوران دونوں رہنما باہمی تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے اور چائنا سپین فورم، چائنا سپین بزنس ایڈوائزری کونسل کا اجلاس اور چائنا سپین بزنس فورم سمیت دیگر تقریبات میں شرکت کریں گے۔ چین اور سپین کو جامع اسٹریٹجک شراکت دار قرار دیتے ہوئے ما نے کہا کہ نصف صدی قبل سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے دونوں ممالک نے روایتی دوستی کو آگے بڑھایا ہے، باہمی فائدہ مند اور کھلے تعاون کو گہرا کیا ہے، تعلقات کی مضبوط اور مستحکم ترقی کو برقرار رکھا ہے جس سے دونوں فریقوں کو فائدہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کو امید ہے کہ اس دورے کے ذریعے دونوں ممالک دوطرفہ تعلقات کو مزید آگے بڑھائیں گے، اعلی سطح کے تبادلوں کے ذریعے باہمی اعتماد کو گہرا کریں گے، اعلی معیار کے تعاون کے ذریعے عالمی چیلنجز سے نمٹیں گے اوردوطرفہ جامع اسٹریٹجک شراکت داری میں نئی جہتوں کا اضافہ کریں گے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی