i بین اقوامی

سوڈان میں 3 روز کی جنگ بندی،غیر ملکی سفارتی عملے کے انخلا کی کوششیںتازترین

April 25, 2023

سوڈان میں فوج اور پیرا ملٹری فورس کے درمیان جاری خانہ جنگی میں منگل سے 3 روز تک کے لیے جنگ بندی کا اعلان کیا گیا۔خبر کے مطابق،سوڈان سے مختلف ممالک کی جانب سے شہریوں کو ہنگامی طور پر نکالنے کا سلسلہ جاری ہے۔سعودی عرب، امریکہ، فرانس، برطانیہ اور جرمنی سمیت کئی یورپی اور افریقی ممالک نے اپنے سفارتی عملے اور شہریوں کو سوڈان سے نکال لیا۔سعودی عرب نے ہفتے کو اپنے 91 اور دیگر ممالک کے 66 شہری سوڈان سے نکالے جبکہ امریکہ نے اتوار کی شب خرطوم سے 100 کے قریب سفارتی عملے کو نکالا ہے۔سوڈان کی فوج نے کہا ہے کہ وہ امریکہ، برطانیہ، چین اور فرانس کے سفارت کاروں کی فوجی طیاروں کے ذریعے انخلا کی کوششوں کو مربوط کر رہی ہے۔ سوڈانی فوج کا یہ بیان ہفتے کو اس وقت جاری کیا گیا جب ملک کے مرکزی ہوائی اڈے سمیت دارالحکومت میں شدید لڑائی جاری ہے۔فوج نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ آرمی چیف جنرل عبدالفتاح برہان نے مختلف ممالک کے رہنماؤں سے بات کی، جنہوں نے سوڈان سے اپنے شہریوں اور سفارت کاروں کے محفوظ انخلا کی درخواست کی ہے۔کئی ممالک اپنے شہریوں کے انخلا کے لیے ناکام کوششیں کر چکے ہیں، انخلا کا کام بہت زیادہ خطرناک اس لیے بھی سمجھا جا رہا ہے کیوں کہ سوڈانی فوج اور اس کی حریف طاقت ور نیم فوجی فورس کے درمیان خرطوم اور اس کے آس پاس شدید جھڑپیں جاری ہیں جو کہ اب رہائشی علاقوں تک پھیل چکی ہے۔خیال رہے کہ سوڈان میں فوج اور پیرا ملٹری فورس کے درمیان جھڑپوں میں اب تک 400 سے زائد افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو چکے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی