دنیا کے 22 ممالک اور خطوں کے تقریبا 500 ادارے چائنہ جوائے میں شرکت کی تصدیق کرچکے ہیں۔ چین میں ہرسال منعقد ہونے والا یہ ایشیا کا سب سے بڑا وڈیو گیمز کا مقابلہ ہے جو 28 سے 31 جولائی تک جاری رہے گا۔ رواں سال اس کے قیام کی 20 ویں سالگرہ ہے۔ نمائش کے لئے رجسٹرڈ کاروباری اداروں کی تعداد اب بھی تیزی سے بڑھ رہی ہے ، جو عالمی آن لائن تفریح اور کھیلوں کی کمپنیوں کے لئے چینی مارکیٹ کی مضبوط کشش کو ظاہر کرتی ہے۔ رواں سال متحدہ عرب امارات، برازیل، فرانس، امریکہ، جاپان، سنگاپور، اسرائیل اور بھارت سمیت دیگر ممالک کی 100 سے زائد غیر ملکی کمپنیوں نے چائنہ جوائے میں شرکت کی تصدیق کی ہے۔ منتظمین کے مطابق نمائش کے لئے تمام درخواست دینے والی کمپنیوں میں تقریبا ایک تہائی غیرملکی ہیں۔ شنگھائی میں منعقدہ ایونٹ میں کوالکوم، سونی، بانڈائی نامکو، اے ایم ڈی، سام سنگ اور دیگر عالمی شہرت یافتہ صف اول کی صنعتیں اپنی نئی ڈیجیٹل تفریحی مصنوعات نمائش کے لئے پیش کریں گی۔ رواں سال کے ایڈیشن میں مصنوعی ذہانت کے عناصر کو اجاگر کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ یہاں مختلف مصنوعی ذہانت ایپلی کیشن منظرنامے اور متعلقہ مصنوعات کو نمائش کے لئے پیش کیا جائیگا اور پہلی بار ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی اختراع پر ایک مو ضوع پر مبنی نمائش سیکشن قائم کیا جائے گا۔ اس کا نمائشی رقبہ 1 لاکھ 20 ہزار مربع میٹر سے زائد ہے۔ چائنہ جوائے کی سائیڈ لائن سرگرمی میں چائنہ گیم ڈویلپرز کانفرنس ، مصنوعی ذہانت پر ایک خصوصی ذیلی فورم کی میزبانی بھی شامل ہے جس میں کھیل اور ڈیجیٹل تفریح اختراع پر مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجیز کے ممکنہ اثرات پر تبادلہ خیال کرنے بارے عالمی ماہرین کو مدعو کیا جائے گا۔ نمائش کے دوران بھی شنگھائی میں اندرون اور بیرون ملک سے سینکڑوں آن لائن گیمز شروع ہونے کی توقع ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی