i بین اقوامی

شام میں عبوری حکومت بنانے کی ذمہ داری محمد البشیر کے سپرد،سرکاری فوج کے لیے عام معافی کا اعلانتازترین

December 10, 2024

شام میں بشار الاسد کو اقتدار سے بے دخل ہونے کے بعد اپوزیشن تحریک کے اہم رہنما محمد البشیر کو عبوری انتظامیہ کا سربراہ بنا دیا گیا۔ باغیوں نے سرکاری فوج کے لیے عام معافی کا اعلان کر دیا ۔شامی میڈیا کے مطابق ملٹری آپریشنز ڈیپارٹمنٹ کے کمانڈر احمد الشرع نے محمد البشیر سے ملاقات کی، اس دوران محمد البشیر کو شام میں عبوری حکومت کی تشکیل کی ذمہ داری سونپی گئی ۔اس کا مقصد اقتدار کی منتقلی کے انتظامات کا تعین کرنا اور شام کو افراتفری کی حالت میں داخل ہونے سے بچانا ہے۔ باغیوں نے بشارالاسد دور کے وزیرِ اعظم غازی الجلالی کو پرامن انتقال اقتدار میں تعاون اور بیرون ملک شام کے سفیروں کو کام جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ادھر روس میں شامی سفارت خانے پر شام کا نیا پرچم لہرا دیا گیا۔ دوسری جانب برطانیہ، فرانس، جرمنی، آسٹریا اور یونان نے شامی پناہ گزینوں کی درخواستوں پر کام روک دیا ہے۔

دوسری جانب شامی دارالحکومت دمشق میں حالات معمول پر آنے لگے، جنگجوں نے دن کے اوقات میں دمشق سے کرفیو اٹھانے کا اعلان کر دیا، بینک بھی کھولنے کی منظوری دے دی گئی۔شامی میڈیا کے مطابق محمد البشیر نے 2007 میں حلب یونیورسٹی سے شعبہ ابلاغیات میں الیکٹریکل اور الیکٹرانک انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی، انہوں نے 2011 میں شامی گیس کمپنی سے منسلک گیس پلانٹ میں پریزیشن انسٹرومینٹیشن ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ کے طور پر کام کیا، اڑھائی سال وزارت اوقاف میں تعلیم، تربیت و رہنمائی میں امور شریعہ کے ڈائریکٹر بھی رہے۔ سالویشن گورنمنٹ میں ان کے پروفائل کے مطابق انہوں نے 2021 میں ادلب یونیورسٹی سے شریعہ اور قانون میں ڈگری حاصل کی اور منصوبہ بندی اور انتظامی تنظیم کے اصولوں میں سرٹیفکیٹ حاصل کیا، محمد البشیر سالویشن گورنمنٹ میں 2022 اور 2023 میں ترقی اور انسانی امور کے وزیر رہے، وہ 1983 میں ادلب گورنری کے جنوب میں جبل الزاویہ میں پیدا ہوئے۔

کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی