لندن پولیس نے کہا ہے کہ شاہی محل بکنگھم پیلس کے باہر سے ایک شخص کو ہتھیار رکھنے کے شبے میں گرفتار کیا گیا، جس کے بعد احتیاطی تدابیر کے طور پر ایک کنٹرولڈ دھماکا بھی کیا گیا۔ میٹروپولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ ایک مشتبہ شخص کو بکنگھم پیلس کے باہر سے اس وقت گرفتار کیا گیا جب اس نے شاٹ گن کے کارتوس محل کے احاطے میں پھینکے۔ پولیس فورس کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص کے قبضے سے ایک مشکوک بیگ برآمد ہوا ہے تاہم پولیس کے مطابق اس واقعے کا تعلق دہشت گردی سے نہیں۔ چیف سپرنٹنڈنٹ جوزف میکڈونلڈ نے اپنے بیاک میں کہا ہے کہ حکام نے مشبتہ شخص کو فوری طور پر حراست میں لے لیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق مشتبہ شخص کو شام 6 بجے حراست میں لیا اور دوران تلاشی اس کے پاس سے ایک چاقو بھی برآمد ہوا۔ منگل کی رات دیر گئے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا تھا اور پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار موقع پر موجود ہیں اور تحقیقات جاری ہیں۔ حالیہ واقعہ بادشاہ چارلس کی تاج پوشی کی تقریب سے چند روز قبل پیش آیا جو ہفتے کے روز ویسٹ منسٹر ایبے میں ہونے والی ہے۔ توقع ہے کہ درجنوں غیر ملکی، شاہی خاندان، معززین اور سربراہان مملکت اس تقریب میں شرکت کیلئے برطانیہ پہنچیں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی