سعودی عرب کی خام تیل کی برآمدات گزشتہ ماہ پانچ ماہ کی کم ترین سطح پر گرنے کے بعد بڑھ گئی ہیں، عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے خام تیل کی برآمدات دسمبر میں 2.2فیصد بڑھ کر 7.44ملین بیرل یومیہ ہوگئیں جو نومبر میں 7.28ملین بیرل یومیہ تھیں۔ اس طرح گزشتہ ماہ کے مقابلے میں یومیہ 157ہزار بیرل کا اضافہ دیکھا گیا۔ تاہم سعودی پیداوار نومبر میں 10.47ملین بیرل یومیہ سے تھوڑی کم ہو کر 10.44ملین بیرل یومیہ رہ گئی،سعودی عرب میں گھریلو خام تیل کی ریفائنریوں کی پیداوار دسمبر میں 40ہزار بیرل یومیہ کی کمی سے 2.62ملین بیرل یومیہ رہی ، سعودی عرب میں خام تیل کو براہ راست استعمال کرنے کی شرح 48ہزار بیرل یومیہ اضافے سے 477ہزار بیرل فی یوم تک پہنچ گئی،روں ماہ کے شروع میں سعودی عرب نے 6ماہ میں پہلی مرتبہ ایشیائی خریداروں کے لیے اپنے اہم خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ کیا۔ خاص طور پر چین سے تیل کی طلب میں بحالی کی توقعات کے درمیان ایسا کیا گیا،سعودی عرب 2022میں چین کو خام تیل فراہم کرنے والے سب سے بڑے سپلائر کے طور پر دوبارہ سامنے آیا ہے،،انٹرنیشنل انرجی فورم نے ''جوڈی''(جوائنٹ ڈیٹا انیشی ایٹو)کے اعداد و شمار کے حوالے سے کہا کہ انڈونیشیا، جاپان اور کوریا میں اضافے کے باعث دسمبر میں عالمی سطح پر تیل کی طلب میں 1.3ملین بیرل یومیہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ دریں اثنا روس تیل کی پیداوار میں 5لاکھ بیرل یومیہ کمی کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جو اس کی پیداوار کے تقریبا 5فیصد کے برابر ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی