سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ریاض میں پولینڈ کے وزیر اعظم متیوس موراویکی سے ملاقات کی ہے اور ان سے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پرتبادلہ خیال کیا ہے، عرب میڈیا کے مطابق موراویکی سرکاری دورے پر سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچے تو ڈپٹی گورنر شہزادہ محمد بن عبدالعزیز کی قیادت میں حکام نے شاہ خالدبین الاقوامی ہوائی اڈے پر ان کا استقبال کیا، سعودی ولی عہد نے الیمامہ محل میں پولینڈ کے رہ نما کا استقبال کیا اوران سے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کے طریقوں پر بات چیت کی ،دونوں سربراہان نے خام تیل مہیا کرنے کے دائرہ کار اور تیل کی عالمی مارکیٹ کو مستحکم کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا،پولش حکومت کے بیان کے مطابق یوکرین کا تنازع بھی بات چیت کا موضوع تھا،پولش وزیراعظم نے ہرسطح پر یوکرین کے لیے غیر متزلزل حمایت جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا،دونوں رہنمائوں نے سعودی عرب کو پولینڈ سے خوراک کی مصنوعات کی برآمد کے لیے کاروباری مواقع کے علاوہ جدید ٹیکنالوجیز اور قابل تجدید توانائی کے ذرائع کی اہمیت پربھی تبادلہ خیال کیا،ملاقات میں سعودی وزیرتوانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان ،وزیرمملکت شہزادہ ترکی بن عبدالعزیز، وزیرتجارت ڈاکٹر ماجدالقصبی، وزیر مملکت برائے امور خارجہ عادل الجبیر،ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک سروسز کے وزیر صالح الجسر، وزیر برائے معیشت و منصوبہ بندی فیصل علی ابراہیم اور پولینڈ میں سعودی سفیر سعد الصالح بھی شریک تھے،ان کے علاوہ سعودی عرب میں یوکرین کے سفیر اناطولی پیٹرینکو بھی موجود تھے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی