سعودی عرب کے مکہ کلاک رائل ٹاور میں بچوں کے لیے نرسری کھولی جائے گی جس کا مقصد یہ ہے کہ وہاں قیام کرنے والے والدین اپنے بچوں کو نرسری میں چھوڑ کر اطمینان سے عبادات کرسکیں،عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب میں مکہ کلاک رائل ٹاور میں فیئر مائونٹ ہوٹل کے سی ای او کا کہنا تھا کہ ہوٹل میں رہنے والے عازمین حج اور عمرہ زائرین آئندہ رمضان 2023سے بچوں کی دیکھ بھال کی سہولتوں سے فائدہ اٹھا سکیں گے،عبد العزیز الموسی کا کہنا تھاکہ فیئر مائونٹ ہوٹل عازمین حج اور عمرہ زائرین کے بچوں کی دیکھ بھال کے لیے ایک نرسری بنائے گا،انہوں نے کہا کہ پہلا مرحلہ اگلے سال شروع کیا جائے گا، ہوٹل میں 150بچوں کی دیکھ بھال کی گنجائش ہوگی، دوسرا مرحلہ 2024کے وسط میں شروع کیا جائے گا جب اس کی گنجائش 300 سے 500بچوں تک بڑھ جائے گی،سی ای او کا کہنا تھا کہ اس انیشی ایٹو کی ضرورت ہے کیونکہ اس سے عازمین حج اور عمرہ زائرین اطمینان سے عبادت کر سکیں گے اور انہیں علم ہوگا کہ ان کے بچوں کی دیکھ بھال کی جا رہی ہے،انہوں نے کہا کہ نرسری میں بچوں کا خیال رکھا جائے گا اور انہیں ان عبادات کے بارے میں بھی تعلیم دی جائے گی جو ان کے والدین انجام دے رہے تھے،عبد العزیز الموسی کا کہنا تھا کہ ہائی ٹیک بریسلیٹ والدین کو اپنے بچوں کے بارے میں جاننے کی سہولت دے گا اور کیمرے بچوں کی دیکھ بھال کی سہولتوں کی نگرانی کریں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی