روس کی جانب سے یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی کے آبائی علاقے پر میزائل حملے میں نو بچوں سمیت کم ازکم 19افراد ہلاک ہوگئے۔یوکرینی حکام کے مطابق یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی کے آبائی شہر کرائیوف ریح پر روسی میزائل حملہ کیا گیا ۔ غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق روسی حملے میں 50 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔یوکرینی صدر زیلنسکی نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کے کھیل کے میدان اور چھوٹی گلیاں روسی حملے میں نشانہ بنائی گئیں ، ایسے حملے اتفاقی نہیں ہوسکتے، روس جانتا ہے یہ توانائی کے تنصیبات ہیں۔صدر زیلنسکی کا کہنا تھا کہ اس قسم کے تنصیبات کسی بھی حملے سے محفوظ رہنی چاہییں۔دوسری جانب روس کی وزارتِ دفاع نے ٹیلی گرام پر جاری ایک بیان میں دعوی کیا ہے کہ یہ حملہ یوکرینی اور مغربی افسران کے درمیان ہونے والی ایک میٹنگ کو نشانہ بنانے کے لیے کیا گیا تھا۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ ایک انتہائی درست نشانہ تھا، شہر کے ایک ریسٹورنٹ میں یونٹ کمانڈرز اور مغربی انسٹرکٹرز کی میٹنگ کے مقام پر میزائل حملہ کیا گیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی