ا مریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس کے بعد دونوں رہنمائوں کے درمیان پہلی بات چیت ہوئی، ٹرمپ نے بھارت پر زور دیا کہ وہ امریکی ہتھیاروں کی خریداری میں اضافہ کرے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وائٹ ہائوس کی جانب سے بتایا گیا کہ دونوں رہنمائوں نے مودی کے دورہ امریکا کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ٹرمپ نے مودی پر منصفانہ دوطرفہ تجارتی تعلقات بڑھانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نئی دہلی امریکی ساختہ دفاعی ساز و سامان کی خریداری میں اضافہ کرے۔مودی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہم باہمی فائدہ مند اور قابل اعتماد شراکت داری کے لیے پرعزم ہیں۔انہوں نے اپنے پیارے دوست کو ان کی دوسری مدت صدارت پر مبارک باد بھی دی۔بھارتی وزیر اعظم نے کہا کہ ہم اپنے عوام کی فلاح و بہبود، عالمی امن، خوشحالی اور سلامتی کے لیے مل کر کام کریں گے۔امریکا بھارت کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، اور ان کی دو طرفہ تجارت مالی سال 24-2023 میں 118 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی تھی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی