i بین اقوامی

ریاض میں امریکہ اور یوکرین کے درمیان مذاکرات نتیجہ خیز رہے، یوکرینی وزیر دفاعتازترین

March 24, 2025

یوکرین کے وزیر دفاع رستم عمروف نے کہا ہے کہ ریاض میں یوکرین اور امریکی حکام کے درمیان بات چیت کا تازہ ترین دور نتیجہ خیز رہا ہے۔عرب نیوز کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک بیان میں یوکرینی وزیر دفاع رستم عمروف نے کہا کہ ہم نے امریکی ٹیم کے ساتھ بات چیت مکمل کر لی ہے۔ بات چیت نتیجہ خیز اور فوکسڈ رہی۔ ہم نے توانائی سمیت اہم نکات پر بات کی۔ یوکرین منصفانہ اور پائیدار امن کے اپنے مقصد کو حقیقت بنانے کے لیے کام کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اتوار کو ہونے والی بات چیت میں توانائی کی تنصیبات اور اہم انفراسٹرکچر کے تحفظ کی تجاویز پر بات کی گئی، جو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے تین سالہ جنگ کے خامتے کے لیے سفارتی کوششوں کا حصہ ہے۔ سعودی عرب میں ہونے والی ملاقات، جو مریکی اور روسی وفود کے درمیان باضابطہ بات چیت سے پہلے ہوئی، ایک ایسے وقت میں ہوئی جب امریکہ کے خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف نے دوسری عالمی جنگ کے بعد یورپ کے مہلک ترین تنازع کے خاتمے کے امکانات کے بارے میں امید کا اظہار کیا اور کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ وہ(روسی صدر ولادیمیر پوتن) امن چاہتے ہیں۔

میرا خیال ہے کہ آپ سعودی عرب میں کچھ حقیقی پیشرفت دیکھنے جا رہے ہیں، خاص طور پر اس سے دونوں ممالک کے درمیان بحیرہ اسود میں جنگ بندی ہوگی۔ اور اس سے، آپ قدرتی طور پر مکمل جنگ بندی کی طرف جائیں گے۔دوسری جانب امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر مائیک والٹز نے کہا ہے کہ امریکہ اعتماد سازی کے متعدد اقدامات کے ذریعے بات کر رہا ہے جس کا مقصد جنگ کو ختم کرنا ہے۔قبل ازیں ریاض مذاکرات کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے، یوکرین کے وزیر دفاع رستم عمروف نے، جو اپنے ملک کے وفد کی سربراہی کر رہے ہیں، فیس بک پر کہا تھا کہ ہم منصفانہ امن کو قریب لانے اور سکیورٹی کو مضبوط بنانے کے لیے یوکرین کے صدر کی ہدایت پر عمل کر رہے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی