ڈونلڈ ٹرمپ کی بڑھتی تنقید کے بعد ہیریٹیج فائونڈیشن کے متنازعہ پراجیکٹ 2025کے ڈائریکٹر پال ڈینز عہدے سے مستعفی ہوگئے۔پراجیکٹ 2025کے ڈائریکٹر کے استعفے کے بعد سابق صدراور ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے اس متنازعہ پراجیکٹ 2025کو مردہ قرار دیدیا ہے۔پراجیکٹ تیار کرنے والی ہیریٹیج فائونڈیشن کے صدر کیون رابرٹس کا کہنا ہے کہ پراجیکٹ نے اہداف مکمل کرلیے ہیں تاہم وفاق، ریاست اور مقامی سطح پر ذاتی مواد تیار کرنے کی کاوشیں جاری رہیں گی۔پراجیکٹ 2025منصوبہ ریپبلکن پارٹی کیلئے سیاسی مصیبت بنا ہوا تھا، ڈیموکریٹس کا کہنا تھا کہ اچھی گورننس اور ایگزیکٹو برانچ میں تبدیلیوں کے نام پر پیش یہ منصوبہ امریکا میں جمہوریت کا خاتمہ کردے گا۔ٹرمپ کی انتخابی مہم کا دعوی تھا کہ ہیریٹیج فائونڈیشن اور دیگر کنزرویٹو گروہوں کی جانب سے تیار کردہ اس منصوبے میں ٹرمپ کی انتخابی مہم کا عمل دخل نہیں تھا اور اسے کسی صورت بھی ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں سے نہیں جوڑا جانا چاہیے۔یہ منصوبہ ایسے وقت مردہ قرار دیا گیا ہے جب ڈیموکریٹ پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار کیلئے کملا ہیرس کو آگے بڑھایا گیا ہے اور اس اقدام کے بعد سے ٹرمپ کے جیتنے کا امکان انتہائی مشکل ہوگیا ہے۔کملا ہیرس کی انتخابی مہم کی منیجر کا کہنا ہے کہ صدارتی الیکشن میں پراجیکٹ 2025ہی بیلٹ پر ہے کیونکہ اسے ٹرمپ کے اتحادیوں نے تیار کیا تھا،ان کا کہنا تھا کہ 920صفحات پر مشتمل اس دستاویز کو امریکی عوام سے چھپانے کا مطلب ہے کہ لوگوں کو مزید تشویش میں مبتلا ہونا چاہیے کہ ٹرمپ اور اس کے اتحادی کیا چیزیں چھپا رہے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی