نیپال کے تباہ ہونے والے مسافر طیارے کا بلیک باکس مل گیا ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی آف نیپال(سی اے اے این ) کے ترجمان جگناتھ نیرولا نے پیر کے روز شِنہوا کو بتایا کہ سیکیورٹی فورسز کو کچھ دیر قبل بلیک باکس مل گیا ہے۔ ہم اس کو جلد ہی حاصل کر لیں گے۔ نیپال کے وسط میں ایک مشہور سیاحتی مقام پوکھرا کے قریب اتوار کو ایک مسافر بردار طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ دن کے آغاز پر امدادی کارکنوں نے ان چار افراد کی تلاش دوبارہ شروع کردی جو ابھی تک لاپتہ ہیں۔ نیرولا نے اس سے قبل شِنہوا کو بتایا کہ غوطہ خوروں کو دریائے سیٹی میں تلاش کے لیے متحرک کر دیا گیا ہے، جس کی وجہ کچھ لاشوں کا دریا میں گرنے کا خدشہ ہے۔ یے ٹی ایئر لائنز کے طیارے میں 68 مسافر اورعملے کے 4 ارکان سوار تھے، جو کھٹمنڈو سے پوکھرا جاتے ہوئے دریائے سیٹی کی ایک گھاٹی میں گر گیا تھا جبکہ اتوار کو جائے حادثہ سے 68 لاشیں نکال لی گئی۔ نیپال کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ایک بیان کے مطابق اس بدقسمت پرواز میں 15 غیر ملکی سوار تھے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی