مصری حکام نے غیر ملکی سیاحوں کے لیے اپنے دروازے کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے ان کے لئے سہولیات کا ایک نیا پیکج متعارف کرانے کا فیصلہ کیا۔ قاہرہ حکومت نے ایران اور ترکیہ کے شہریوں کو بھی سیاحتی ویزے جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے،مصر کے وزیر سیاحت احمد عیسی نے مختلف ملکوں کے لیے سیاحتی ویزوں کے اجرا کا اعلان کیا، یہ اقدام مصری ریاست کی جانب سے ملک میں آنے والے سیاحوں کی آمد ورفت کو آگے بڑھانے کی کوششوں کا حصہ ہے،انہوں نے بتایا کہ ان سہولیات میں چینی سیاحوں کو مصری بندرگاہوں اور ہوائی اڈوں سے ہنگامی داخلے کا ویزا حاصل کرنے کی اجازت دینا (آمد پر ویزا)اور خلیج تعاون کونسل کے ممالک میں رہائش رکھنے والے ہندوستانی سیاحوں کو مصری بندرگاہوں سے ہنگامی طور پر داخلے کا ویزا حاصل کرنے کی اجازت دینا شامل ہے، انٹری ویزا کی سہولیات امریکا، برطانیہ، شینگن ممالک، کینیڈا، نیوزی لینڈ، جاپان اور آسٹریلیا کے شہریوں کو فراہم کی جاتی ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ ترک سیاحوں کو بھی مصر کی مختلف بندرگاہوں اور ہوائی اڈوں سے کسی مخصوص عمر کی پابندی کے بغیر ہنگامی طور پر داخلے کا ویزا حاصل کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ سیاحتی گروپوں میں آنے والے الجزائر اور مراکش کے سیاحوں کو مصری بندرگاہوں سے ایمرجنسی انٹری ویزا حاصل کرنے کی اجازت ہے۔ ہوائی اڈوں کے ساتھ ساتھ ایرانی سیاحوں کو ملک کے جنوب میں براہ راست آنے کی اجازت ہے،وزیر سیاحت کا کہنا تھا کہ عراق سیاحوں کو مصری بندرگاہوں اور ہوائی اڈوں پر ہنگامی طور پر داخلے کا ویزا حاصل کرنے کی اجازت دی جائے گی، بشرطیکہ ان کے پاس امریکا، برطانیہ، شینگن ممالک، کینیڈا، نیوزی لینڈ، جاپان اور آسٹریلیا کے ممالک میں استعمال ہونے والا قابل استعمال انٹری ویزا ہو، اس کے ساتھ ساتھ 16سال سے کم عمر اور 60سال سے زیادہ عمر کے گروپوں کو ای ویزا پلیٹ فارم سے آن لائن ویزا حاصل کرنے کی اجازت دینے کی منظوری دی گئی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی