میکسیکو میں وینزویلا، کولمبیا اور وسطی امریکا سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن کو لے جانے والی بس حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 17افراد ہلاک اور 13زخمی ہوگئے،عالمی میڈیا کے مطابق بس میں 45تارکین وطن سوار تھے۔ یہ بس میکسیکو کے جنوبی شہر تاپا چولا سے میکسیکو سٹی آرہی تھی کہ ہائی وے پر تیز رفتاری کے باعث ایک موڑ کاٹتے ہوئے الٹ گئی،حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ 15مسافر موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جب کہ 15 شدیدزخمی ہونے والے مسافروں کو اسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے دو نے دوران علاج دم توڑ دیا اور مزید 5کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے،ٹریفک حادثے میں محفوظ رہنے والے باقی مسافروں کو شیلٹر ہوم منتقل کردیا گیا، پولیس حکام کا کہنا تھا کہ بس ایک پرائیوٹ کمپنی کی ملکیت تھی، حادثے میں ڈرائیور اور کنڈیکٹر بھی ہلاک ہوگئے، ابتدائی تفتیش میں حادثے کی وجہ بس کی تیز رفتاری سامنے آئی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی