i بین اقوامی

لبنان پراسرائیل کے حملوں میں شدت، گزشتہ 20 گھنٹوں میں 37 افراد شہید، متعدد عمارتیں تباہ ہوگئیںتازترین

October 04, 2024

اسرائیل کی جانب سے گزشتہ 20گھنٹوں کے دوران لبنان پرحملوں میں کم سے کم 37 شہری شہیداور ڈیڑھ سو سے زائد زخمی ہو گئے اور متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہحملے میں حزب اللہ کے متوقعسربراہ کو نشانہ بنانے کا دعوی کیا گیا ہے،دوسری جانب حزب اللہ نے بھی اسرائیلی فوج کی د راندازی کی کوشش کو پسپا کر تے ہوئے ایک ہی روز میں 17 اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کا دعوی کیا ہے،حزب اللہ کی جانب سے شمالی اسرائیل پر 100 راکٹ داغے گئے جس سے آگ بھڑ ک اٹھی ۔لبنان کی وزارت پبلک ورکس اینڈ ٹرانسپورٹ کے ذرائع کے مطابق بیروت بین الاقوامی ہوائی اڈے کے آس پاس جمعہ کی صبح اسرائیل نے حملہ کیا جبکہ لبنانی وزارت صحت نے بیان میں کہا کہ گزشتہ 20 گھنٹوں کے دوران لبنان پر اسرائیلی حملوں سے 37 افراد ہلاک اور 151 زخمی ہوگئے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے جنوبی لبنان کے 20 گائوں پر بھی بمباری کی، جس کے باعث بڑے پیمانے پر جانی نقصان کا خدشہ ہے، صیہونی فوج نے نباتیہ سمیت 70 گائوں خالی کرنے کا حکم بھی دے دیا۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق رات گئے ہونے والے یہ حملے حسن نصراللہ پر کئے گئے حملے سے زیادہ بڑے تھے، جس کا ہدف ممکنہ طور پر حزب اللہ کے سربراہ ہاشم صفی الدین تھے۔قطری ٹی وی نے بتایا کہ حملوں میں متعدد عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔

ا سرائیلی حملوں کے باعث 12 لاکھ شہری نقل مکانی پر مجبور ہوگئے، 2ہزار افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں، حزب اللہ نے جواب میں شمالی اسرائیل پر 100 راکٹ داغ دئیے، ساحلی علاقے نہاریہ میں آگ بھڑک اٹھی۔ دوسری جانب حزب اللہ کے مطابق کفر کلا قصبے میں واقع فاطمہ بارڈر کراسنگ کے قریب لبنانی علاقوں میں دراندازی کی کوشش کو پسپا کر دیا گیا۔ اسرائیلی آرمی پریس آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوبی لبنان میں زمینی کارروائی کے ابتدائی دنوں میں اس کی افواج کو نقصان اٹھانا جاری ہے۔ حزب اللہ نے اپنے ٹیلی گرام چینل پر جاری بیان میں کہا کہ اس کے جنگجوں نے جھڑپوں کے دوران 17 اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک کردیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ اسلامی مزاحمتی آپریشن روم اپنے معتبر سیکورٹی ذرائع سے ان ہلاکتوں کی تصدیق کرتا ہے، بہادر جنگجوں سے ہونے والے معرکوں میں صہیونی دشمن کی ہلاکتوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔ تاہم اسرائیلی فوج نے اسکی تصدیق یا تردید نہیں کی۔ اسرائیلی فوج نے لبنان پر زمینی حملے کے بعد سے اب تک صرف 9 فوجی ہلاکتوں کا اعتراف کیا ہے۔دریں اثناء جی سیون ممالک نے اسرائیل پر ایرانی حملے پر اظہار تشویشکیا ہے اور مشرق وسطی میں بگڑتی ہوئی صورتحال کو خطے میں قیام امن کی راہ میں بڑا خطرہ قراردیا ہے۔جی سیون ممالک کے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ایران کے حملے کے جواب میں اسرائیلی کارروائی سے خطے میں مزید کشیدگی کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی