i بین اقوامی

لبنان میں اقوام متحدہ کی فورس گشت انجام دینے سے "قاصر" ہے، ترجمان سیکرٹری جنرلتازترین

October 01, 2024

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے تصدیق کی ہے کہ لبنان میں اقوام متحدہ کے زیر انتظام امن فوج (یونیفل)اپنا گشت انجام نہیں دے سکی۔ ترجمان کے مطابق اس کی وجہ اسرائیلی حملوں کی شدت اور اسرائیل کو نشانہ بنانے والے حزب اللہ کے میزائل ہیں،ڈوجارک نے صحافیوں کو بتایا کہ "یونیفل کی فورسز امن مشن کے زیر انتظام علاقے میں اپنے ٹھکانوں پر باقی رہیں ، لڑائی کی شدت فورس کو ان ذمے داریوں کی انجام دہی سے روک رہی ہے جو اسے سونپی گئی ہیں ،میزائلوں کے شدید تبادلے کے سبب امن فوج گشت کرنے سے قاصر ہے،ترجمان نے مزید بتایا کہ ہم ہر گھڑی صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں ، یونیفل کے بعض شہری ملازمین کو علاقے سے نکال لیا گیا ہے،واضح رہے کہ یونیفل کی فورس جس کی تعداد 10ہزار فوجیوں سے زیادہ ہے، 1978سے جنوبی لبنان میں تعینات ہے۔ اس نے لبنان اور اسرائیل کے درمیان سرحدی علاقے کی سیکورٹی سنبھالی ہوئی ہے،اقوام متحدہ کی یہ فورس سلامتی کونسل کی قرار داد 1701پر عمل درآمد کی نگرانی کی ذمے دار ہے۔ اس قرار داد کے مطابق جنوبی لبنان میں صرف لبنانی فوج اور یونیفل فورس تعینات ہو سکتی ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی